news
English

ٹی20 ورلڈکپ: بھارت کا فاتحانہ آغاز، آئرلینڈ کو 8 وکٹوں سے ہرادیا  

ہدف کے تعاقب میں بھارت کی اننگز کا آغاز روہت شرما اور ویرات کوہلی نے کیا تاہم ویرات کوہلی صرف ایک رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔

ٹی20 ورلڈکپ: بھارت کا فاتحانہ آغاز، آئرلینڈ کو 8 وکٹوں سے ہرادیا  

بھارت نے آئرلینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دیکر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں فاتحانہ آغاز کردیا۔ 
نیو یارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں گروپ اے کی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے آٹھویں میچ میں بھارت نے آئرلینڈ کا 97 رنز کا ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر 12.2 اوورز میں حاصل کرلیا۔ 
ہدف کے تعاقب میں بھارت کی اننگز کا آغاز روہت شرما اور ویرات کوہلی نے کیا تاہم ویرات کوہلی صرف ایک رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔
روہت شرما 52 رنز بناکر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے جبکہ رشبھ پنت 36 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، سوریا کمار یادیو 2 رنز بناسکے۔ 
آئرلینڈ کی طرف سے مارک ایڈیئر اور بین وائٹ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 
قبل ازیں بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تھا جو بھارتی ٹیم کے لیے اچھا ثابت ہوا۔ 
آئرش بلے باز بھارتی بولرز کے آگے ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور7 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ 
آئرلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 16 اوورز میں 96 رنز بنائے اور پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ گیرتھ ڈیلانی 26 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ ہاردک پانڈیا نے تین، ارشدیپ سنگھ اور جسپریت بھمراہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ محمد سراج اور اکسر پٹیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 
دونوں ٹیموں کے اسکواڈز: 
بھارت:
 روہت شرما، ویرات کوہلی، سوریاکمار یادیو، شیوم ڈوبے، رشب پنت، ہاردک پانڈیا، رویندرا جدیجا، اکسر پٹیل، محمد سراج، جسپریت بمراہ، ارشدیپ سنگھ۔ 
آئرلینڈ: پال اسٹرلنگ، اینڈی بالبرنی، لورکان ٹکر، ہیری ٹییکٹر، کرٹس کیمفر، جارج ڈوکریل، گیرتھ ڈیلانی، مارک ایڈیر، بیری میک کارتھی، جوش لٹل، بین وائٹ۔