قومی ٹیم کے اوپنر امام الحق ایک مرتبہ پھر کپتان بابراعظم کے دفاع میں سامنے آگئے۔
مسلسل نظر انداز کیے جانے والے قومی ٹیم کے سابق اوپنر احمد شہزاد نے گزشتہ روز پی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بابراعظم کو جعلی کنگ قرار دیتے ہوئے ان کے اعداد و شمار کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا، جس پر امام الحق نے انہیں جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب نے پاکستان کے لئے کھیلا ہے اور سب قومی ٹیم کی بھارت کے خلاف کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں تاہم احترام کے عنصر کو نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وہ پاکستانی ٹیم کا کپتان ہے، آپ نہیں ماننا چاہتے، ٹھیک ہے! دنیا نے اُسے کنگ بنایا ہے آپ نہ مانیں، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔،،
بابراعظم پر تنقید کو امام الحق نے باڈی شیمنگ سے بھی تشبیہ دی۔
امام الحق نے مزید کہا کہ بابر کو ٹیم کیلئے ان کی خدمات اور اس حقیقت کا احترام کیا جانا چاہیے وہ 250 سے زیادہ میچز کھیل چکے ہیں، ان اعداد و شمار کا بھی جائزہ لیں۔،،
قبل ازیں احمد شہزاد نے بابراعظم کو جعلی کنگ قرار دیتے ہوئے دوستیاں یاریاں نبھانے اور ٹیم میں دوستوں کو کھلانے کا الزام عائد کیا تھا جبکہ متعدد کھلاڑیوں کے پی سی بی چیئرمینز کی جانب سے احتساب نہ کرنے پر ناراضی کا اظہار کیا تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ورلڈکپ میں پاور پلے میں بابراعظم نے 205 گیندوں کا سامنا کیا لیکن ایک چھکا تک لگانے میں کامیاب نہ ہوئے۔