news
English

پاکستان اور انگلینڈ کے وارم اپ میچز ہوں گے یا نہیں؟

ٹی20 ورلڈکپ: باہمی سیریز کے باعث پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے وارم اَپ میچز گنوانے کا خدشہ سر پر منڈلانے لگا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے وارم اپ میچز ہوں گے یا نہیں؟

آئی سی سی نے تاحال ٹی 20 ورلڈ کپ کے وارم اَپ میچز کا شیڈول جاری نہیں کیا ہے۔ جس کے بعد یہ خدشہ پیدا ہوگیا ہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں باہمی ٹی20 سیریز کے باعث ویسٹ انڈیز اور امریکا میں شیڈول میگا ایونٹ کے وارم اَپ میچز گنواسکتی ہیں۔ دونوں ٹیمیں آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ سے قبل 22 مئی کو مدمقابل آئیں گی جبکہ سیریز کا اختتام 30 مئی کو ہوگا۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹیم میگا ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز میزبان ملک امریکا کے خلاف میچ سے کرے گی، جو 6 جون کو شیڈول ہے جبکہ قومی ٹیم اگلا میچ روایتی حریف بھارت کیخلاف 9 جون کو کھیلے گی، کینیڈا کیخلاف 12 جون کو معرکہ ہوگا اور آخری گروپ میچ میں قومی ٹیم آئرلینڈ کیخلاف 16 جون کو مدمقابل آئے گی۔ 
اسی طرح انگلش ٹیم اپنی ٹی20 ورلڈکپ مہم کا آغاز ویسٹ انڈیز سے پنجہ آزمائی میں کرے گی جہاں وہ 4 جون کو اسکاٹ لینڈ، 8 جون کو آسٹریلیا، 14 جون کا عمان اور 15 جون کو نمیبیا کے خلاف میدان میں اُترے گی۔ 
آئی سی سی نے میگا ایونٹ کے لئے وارم اَپ میچز کا تاحال اعلان نہیں کیا ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ یکم جون سے شروع ہونے والے ایونٹ کے میچز 25 اور 26 مئی کو شیڈول کیے جاسکتے ہیں۔ 
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے اِن تاریخوں کو میچز شیڈول کئے گئے تو پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں وارم اَپ میچز کھیلنے سے محروم رہ سکتی ہیں۔