news
English

ٹی20 ورلڈکپ کا پہلا میچ: امریکا نے کینیڈا کو 7 وکٹوں سے ہرادیا

امریکی بلے باز ایرون جونز نے 10 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 94 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔

ٹی20 ورلڈکپ کا پہلا میچ: امریکا نے کینیڈا کو 7 وکٹوں سے ہرادیا

ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے افتتاحی مقابلے میں امریکا نے کینیڈا کو 7 وکٹوں سے ہرادیا۔ امریکا نے 195 رنز کا ہدف میچ کے 18ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔  
تفصیلات کے مطابق امریکی شہر ڈلاس کے گرینڈ پرائیر اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی20 ورلڈکپ کے افتتاحی مقابلے میں امریکا نے میچ کے 18ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنا کر کینیڈا کو میدان بدر کردیا۔
امریکی بیٹر ایرون جونز نے 10 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 94 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ 
امریکا کی جانب سے اوپنر اسٹیون ٹیلر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، کپتان موناک پٹیل بھی صرف 16 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، اینڈریس گوس 65 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ ایرون جونز 94 اور کوری اینڈرسن 3 رنز بنا کر کریز پر موجود رہے۔

کینیڈا کی جانب سے پیسر کلیم ثنا نے ایک، ڈیلون ہیلیگر اور نکھیل دتہ نے بھی ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔
اس سے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کینیڈا نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز اسکور کیے، بیٹر ناونیت دھلیوال اور نکولس کرٹن ففٹیاں بنا کر نمایاں رہے۔ 
کینیڈا کی جانب سے اوپنر ایرون جونسن نے 23، پرگت سنگھ نے 5، ناونیت دھلیوال نے 61، نکولس کرٹن نے 51 اور دلپریت باجوہ نے 11 رنز بنائے جب کہ شیریاس مووا 32 اور ڈیلون ہیلیگر 1 رنز بنا کر وکٹ پر موجود رہے۔ 
امریکا کی جانب سے پیسر علی خان نے1وکٹ لی، ہرمیت سنگھ 1 اور کوری اینڈرسن بھی 1 شکار کرنے میں کامیاب رہے۔ 
قبل ازیں میزبان امریکا نے ٹاس جیت کر کینیڈا کیخلاف فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، امریکا کے کپتان موناک پٹیل نے ٹاس جیت کر کینیڈا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ امریکی کپتان مونانک پٹیل نے ٹاس کے موقع پر کہا کہ پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ وکٹ دیکھ کر کیا، ہدف کو حاصل کریں گے جب کہ پہلی اننگ میں وکٹ بولرز کو مدد فراہم کرے گی۔
کینیڈین کپتان سعدظفر نے کہا کہ پہلے بیٹنگ کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں، وکٹ اچھی ہے، انہوں نے کہا کہ یہ ورلڈ کپ ہے، دو طرفہ سیریز نہیں، اس لیے دباؤ رہے گا لہٰذا ہم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
امریکی اسکواڈ:
امریکا کی ٹیم میں موناک پٹیل (کپتان)، ایرون جونز، علی خان، کوری اینڈرسن، اینڈریس گوس، ہرمیت سنگھ، جسدیپ سنگھ، نتیش کمار، سوربھ نیٹراوالکر، اسٹیون ٹیلر اور شیڈلے وین شامل ہیں جب کہ ریزرو پلیئرز کیلیے نوستھش کینیج، ملند کمار، نیسرج پٹیل اور  شایان جہانگیر۔ 
کینیڈین اسکواڈ: 
کینیڈا کی ٹیم میں سعد بن ظفر (کپتان)، دلپریت باجوہ، ناونیت دھلیوال، نکھیل دتہ، جیریمی گورڈن، ڈیلون ہیلیگر، ایرون جونسن، کلیم ثنا، نکولس کرٹن، شیریاس مووا اور پرگت سنگھ شامل ہیں جب کہ ریزرو پلیئرز میں ریشیو جوشی، جنید صدیقی، ریان پٹھان اور رویندرپال سنگھ کے نام شامل ہیں۔ 
واضح رہے کہ امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ میں 20 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں ہیں جس میں 9 وینیوز پر مجموعی طور پر 55 میچز کھیلے جائیں گے۔ پاکستان اپنا پہلا میچ 6 جون کو میزبان امریکا کے خلاف کھیلے گا جبکہ پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا 9 جون کو ہوگا۔