پہلےبیٹنگ کرتے ہوئےامریکی ٹیم انگلینڈ کیخلاف پورے 20 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 18.5 اوورز میں 115 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔
ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے سپر ایٹ مرحلے میں کھیلے گئے اہم میچ میں انگلینڈ نے امریکا کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر میدان بدر کردیا۔
بارباڈوس کے کینسنگٹن اوول اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے امریکہ کی جانب سے دیا گیا 116 رنز کا ہدف 9.4 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے پورا کرلیا۔
جوز بٹلر نے 38 گیندوں پر 83 رنزکی دھواں دھار اننگز کھیلی جس میں سات چھکے اور 6 چوکے شامل تھے جبکہ فل سالٹ نے 21 گیندوں پر اپنے زبردست شاٹس کی مدد سے 25 رنز بنائے۔
قبل ازیں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ امریکا کی ٹیم انگلینڈ کیخلاف پورے 20 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 18.5 اوورز میں 115 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔
امریکا کی طرف سے نتیش کمارنے 30 رنز بنائے جبکہ کورے اینڈرسن 29 اور ہرمیت سنگھ 21 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ اسٹیون ٹیلر 12، اینڈریس گوس 8 اور ملند کمار 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ امریکہ کے چار کھلاڑی کھاتا کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔
انگلینڈ کی طرف سے کرس جورڈن نے 19 ویں اوور میں 4 وکٹیں حاصل کیں جس میں ایک زبردست ہیٹرک بھی شامل تھی۔
سیم کرن اور عادل رشید نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ لیام لیونگسٹون اور ریس ٹوپلے نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔