news

سیمی فائنل سے قبل بھارتی ٹیم کو دھچکا، کپتان کو انجری کا خدشہ

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل سے قبل بھارتی کپتان روہت شرما کو پریکٹس کے دوران بازو پر گیند لگ گئی۔

سیمی فائنل سے قبل بھارتی ٹیم کو دھچکا، کپتان کو انجری کا خدشہ

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق منگل کی صبح روہت شرما ایڈیلیڈ کے کرکٹ گراؤنڈ میں بیٹنگ پریکٹس کررہے تھے جب گیند ان کے سیدھے ہاتھ پر لگی جس کے باعث وہ زخمی ہوگئے۔

رپورٹس کے مطابق بھارتی کپتان نے شدید تکلیف کے باعث ٹریننگ وہیں روک دی جب کہ ٹیم کے فزیو تھیراپسٹ فوری طور پر گراؤنڈ میں آگئے۔

نیٹ پریکٹس کے دوران گیند روہت شرما کے بازو پر لگی جس کے بعد انہوں نےفوری طور پر طبی امداد کا اشارہ کردیا۔

طبی امداد کے بعد روہت شرما نے نیٹ پر صرف ایک گیند کا سامنا کیا اور بیٹنگ چھوڑ کر چلے گئے۔

انجری کے خدشے کے پیش نظرروہت شرما نے بیٹنگ چھوڑنے کے بعد مزید طبی امداد حاصل کی۔

واضح رہے کہ بھارت ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں جمعرات کو انگلینڈ کے مدمقابل ہو گا۔