news
English

تاریخ میں پہلی بار یوگنڈا نے آئی سی سی ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی کرلیا  

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کی میزبانی ویسٹ انڈیز اور امریکا مشترکہ طور پر کریں گے۔

تاریخ میں پہلی بار یوگنڈا نے آئی سی سی ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی کرلیا  

تاریخ میں پہلی بار افریقی ملک یوگنڈا نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ 
کوالیفائنگ راونڈ میں یوگنڈا نے چھ میچوں میں سے پانچ میں کامیابی حاصل کرکے افریقہ ریجن میں ٹاپ ٹو میں جگہ بنالی۔ یوں یوگنڈا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوگیا ہے۔ 
یوگنڈا کسی بھی آئی سی سی ورلڈ کپ ایونٹ میں پہلی بار شرکت کرے گا جبکہ ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والا پانچواں افریقی ملک ہوگا۔  
یوگنڈا نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں تنزانیہ، زمبابوے، نائیجریا، روانڈا اور کینیا کو ہرایا جبکہ نمیبیا کے ہاتھوں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پہلی بار آئی سی سی ورلڈ کپ 2024 کیلئے کوالیفائی کرنے پر روانڈا کے کھلاڑیوں کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ تھا اور انہوں نے اس کامیابی پر خوب جشن منایا۔ 
 
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کی میزبانی ویسٹ انڈیز اور امریکا مشترکہ طور پر کریں گے۔ اس ٹورنامنٹ کا فارمیٹ گزشتہ دو ایڈیشنز سے مختلف ہوگا جس میں 20 ٹیموں کو پہلے راؤنڈ کیلئے پانچ، پانچ کے چار گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا۔  
آئی سی سی کے مطابق ہر گروپ سے سرفہرست دو ٹیمیں سپر 8 مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ سپر 8 ٹیموں کو چار، چار کے دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، ہر گروپ میں سرفہرست رہنے والی دو ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی۔ 

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کیلئے تمام 20 ٹیموں کی لائن اپ مکمل ہوگئی ہے۔ ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی ٹیموں میں آسٹریلیا، انگلینڈ، بھارت، نیدرلینڈز، نیوزی لینڈ، پاکستان، جنوبی افریقہ، سری لنکا، افغانستان، بنگلہ دیش، کینیڈا، نیپال، عمان، پاپوانیوگنی، آئر لینڈ، اسکاٹ لینڈ، نمیبیا اور یوگنڈا شامل ہیں۔ ویسٹ انڈیز اور امریکا کی ٹیمیں بطور میزبان ٹورنامنٹ کا حصہ ہوں گی جبکہ زمبابوے کی ٹیم ورلڈ کپ 2024کے لیے کوالی فائی نہیں کرسکی۔