news
English

نتیجہ ہمارے حق میں نہیں رہا لیکن مجھے اپنی ٹیم پرفخرہے، روہت شرما

ٹورنامنٹ کے اختتام پر ویرات  کوہلی کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ دیا گیا ہے لیکن کوہلی کی مایوسی صاف ان کے چہرے پر نظر آ رہی تھی۔  

نتیجہ ہمارے حق میں نہیں رہا لیکن مجھے اپنی ٹیم پرفخرہے، روہت شرما

ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں عبرتناک شکست کے بعد بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ اگرچہ فائنل میچ کا نتیجہ ہمارے حق میں نہیں رہا مگر مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے، پورے ٹورنامنٹ میں اس ٹیم نے بہترین پرفارمنس دی مگر بدقسمتی سے فائنل میں ہم جیت نہیں سکے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے اتوار کو آئی سی سی ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے بعد کہا کہ میچ کا نتیجہ ہمارے حق میں نہیں گیا لیکن اپنی ٹیم پر فخر ہے۔ روہت شرما نے نریندر مودی اسٹیڈیم میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ 'نتیجہ ہمارے حق میں نہیں گیا لیکن مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے جس طرح ہم نے پورے ٹورنامنٹ میں کھیلا۔ ہم 20-30 رنز کی کمی سے پیچھے رہ گئے۔ 
انہوں نے کہا کہ جب راہل اور ویرات 25 اوور کے قریب بیٹنگ کر رہے تھے، تو ہم نے سوچا کہ اسکور 270 سے 280 تک ہوگا۔ ہم نے شروع میں آسٹریلیاکی تین وکٹیں لینے کے بعد اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن ہیڈ اور لابوشین نے میچ کو ہماری ٹیم کے ہاتھوں سے چھین لیا۔  
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری باری کے بعد پچ انڈرلائٹس میں بلے بازی کے لیے اچھی ہوگئی۔ ہم پچ کا بہانہ بناسکتے ہیں لیکن ہمیں یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ ہم نے اسکوربورڈ پر قابل دفاع اسکور بنانے کے قابل بلے بازی نہیں کی۔ ویرات کوہلی کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ دیا گیا ہے لیکن کوہلی کی مایوسی صاف دکھائی دے رہی تھی، کیونکہ انہیں توقع تھی کہ ٹرافی بھارت جیتے گا مگر بدقسمتی سے ایسا نہ ہوسکا۔،، 
اس موقع پر بی سی سی آئی کے سیکرٹری جے شاہ، ٹورنامنٹ کے برانڈ ایمبیسڈر سچن ٹیندولکر اور بی سی سی آئی کے صدر راجر بنی چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب میں موجود تھے۔ ٹریوس ہیڈ کو پلیئر آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔