news
English

سری لنکا کے ساتھ تیسرے ون ڈے میں کئی بنگلہ دیشی کرکٹرزانجرڈ ہوگئے  

سری لنکا کی اننگز کے 48 ویں اوور میں مستفیض الرحمان کو کریمپس پڑگئے۔

سری لنکا کے ساتھ تیسرے ون ڈے میں کئی بنگلہ دیشی کرکٹرزانجرڈ ہوگئے  

چٹوگرام میں سری لنکا کے ساتھ ہونے والے تیسرے ون ڈے میں کئی بنگلہ دیشی کرکٹرز انجرڈ ہوگئے۔ 
سری لنکا کے خلاف میچ کے دوسرے اوور میں تسکین احمد کی گیند پر وکٹ کیپر مشفیق الرحیم کا ہاتھ زخمی ہوگیا، سری لنکن اننگز کے 48 ویں اوور میں مستفیض الرحمان کو کریمپس پڑگئے، اننگز کے 49ویں اوور میں فیلڈنگ کے دوران سومیہ سرکار بائونڈری بورڈ سے ٹکرانے پر گھٹنہ اور گردن زخمی کروا بیٹھے۔ 
مستفیض الرحمان کی طرح انھیں بھی اسٹریچر پر میدان سے باہر لے جایا گیا، آخری اوور میں کیچ لیتے ہوئے انعم الحق اور ذاکر کی ٹکر ہو گئی جس سے دونوں کھلاڑی تکلیف میں دکھائی دیے۔  
دوسری جانب تنزید حسن تمیم بطور کنکشن متبادل ون ڈے میچ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کرکٹر بن گئے، سومیہ سرکار کی جگہ بطور متبادل پلیئر تنزید کو بیٹنگ کے لیے بھیجا گیا، جنھوں نے موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے 81 بالز پر 84 رنز اسکور کیے، یہ ان کا ایک روزہ کرکٹ میں سب سے بڑا اسکور بھی ہے، انھوں نے گذشتہ برس ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف 51 رنز بنائے تھے۔ 

یاد رہے کہ اس سے قبل بطور کنکشن متبادل آسٹریلوی مارنس لبوشین نے جنوبی افریقہ کے خلاف گذشتہ برس ستمبر میں 93 بالز پر 80 رنز اسکور کیے تھے۔