news
English

تیسرے ون ڈے میں پاکستانی ویمن ٹیم کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست

سڈنی: تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستانی ویمن ٹیم کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست ہو گئی۔

تیسرے ون ڈے میں پاکستانی ویمن ٹیم کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست

سڈنی میں کھیلے جانے والے تیسرے ون ڈے میں آسٹریلیا کے 336 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ویمن ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 235 رنز بنا سکی اور شکست سے دوچار ہوئی۔

منیبہ علی 27 اور طوبہ حسن بغیر کوئی رنز بنائے وکٹ پر موجود رہیں۔ اس سے قبل اوپنر صدف شمس 30 اور سدرہ امین 34 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئیں، ندا ڈار بھی 29 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئیں۔ بعدازاں بسمہ معروف 44 اور عائشہ نسیم بغیر کوئی رن اسکور کیے گارڈنر کا شکار بنیں۔

میچ کے آخری مرحلے میں عمیمہ سہیل 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئیں، فاطمہ ثنا نے بھی ٹیم کا دفاع کرتے ہوئے 17 رنز کی اننگز کھیلی اور پویلین لوٹ گئیں۔

آسٹریلیا کی جانب سے 133 رنز بنانے والی بیتھ مونے کو میچ اور سیریز کی بہترین پلیئر کے اعزاز سے نوازا گیا جب کہ بولنگ کرتے ہوئے آشلے گارڈرنر نے 3، جیس جوناسین نے 2 اور انابیل سوتھرلینڈ نے 1 وکٹیں حاصل کیں۔

قبل ازیں آسٹریلیا ویمن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی دعوت ملنے پر 9 وکٹوں کے نقصان پر 336رنز بنائے تھے، آسٹریلوی اوپنر اور وکٹ کیپر بیتھ مونے نے133 رنز کی جاحانہ اننگز کھیلی جب کہ پاکستان کی جانب سے فاطمہ ثنا نے 3، ڈیانا بیگ اور ندا ڈار نے 2، 2 اور عمیمہ سہیل نے ایک وکٹ لی۔