news
English

پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش ٹیسٹ سیریز کی مجوزہ تاریخوں کا اعلان

اپریل میں پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر تقرری کے بعد یہ سیریز جیسن گلیسپی کی پہلی اسائنمنٹ ہوگی۔

پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش ٹیسٹ سیریز کی مجوزہ تاریخوں کا اعلان

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مجوزہ ٹیسٹ سیریز اگست 2024ء کے آخر تک شروع ہونے کا امکان ہے جبکہ بنگلہ دیشی ٹیم کے 20 اگست کو پاکستان آمد متوقع ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش ٹیسٹ سیریز کی عارضی تاریخوں کا اعلان کردیاگیا۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز اگست 2024ء کے آخر تک شروع ہونے کا امکان ہے۔ بنگلہ دیشی ٹیم 20 اگست کو پاکستان آ سکتی ہے اور پہلا ٹیسٹ اسی ماہ کی 25 تاریخ کو شروع ہونے کا امکان ہے جبکہ دوسرا ٹیسٹ ستمبر کے پہلے ہفتے میں ہو سکتا ہے۔ مجوزہ شیڈول کے مطابق کراچی اور راولپنڈی میچز کی میزبانی کریں گے۔ 
بنگلہ دیش اور پاکستان کرکٹ بورڈ اس وقت سیریز کے شیڈول کو حتمی شکل دینے کے لیے آپس میں بات چیت کر رہے ہیں۔ قبل ازیں ایک مقامی نیوز چینل نے رپورٹ کیا تھا کہ ٹیسٹ کپتان شان مسعود، ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی اور سلیکشن کمیٹی نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈ سے متعلق بات چیت شروع کر دی ہے۔ امکان ہے کہ موجودہ وائٹ بال والے کپتان بابر اعظم محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی کو بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ میچوں کے لیے آرام دیا جائے گا جب کہ حارث رؤف کی ٹیم میں شمولیت پر بھی غور نہیں کیا جا رہا۔ سعود شکیل، عبداللہ شفیق، سلمان علی آغا اور سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کو حتمی اسکواڈ میں شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ فاسٹ بولنگ کے شعبے میں نسیم شاہ، شاہنواز دھانی، میر حمزہ، خرم شہزاد اور عامر جمال کی سلیکشن کے لیے غور جاری ہے۔
یہ سیریز اپریل میں اپنی تقرری کے بعد پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر گلیسپی کی پہلی اسائنمنٹ ہوگی اور گزشتہ سال کپتان بنائے جانے کے بعد شان مسعود کی دوسری اسائنمنٹ ہوگی۔ انہوں نے سب سے پہلے آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ سیریز میں ٹیم کی قیادت کی جسے پا آسٹریلیا میں 3-0 سے شکست دی۔