news
English

آسٹریلیا کے ساتھ ٹیسٹ چیمپئن شپ: فائنل میں نئے ریکارڈز کوہلی کے منتظر

ویرات کوہلی اب تک 24 میچز میں 48.26 کی اوسط سے 1979 رنز اپنے نام کرچکے ہیں۔

آسٹریلیا کے ساتھ ٹیسٹ چیمپئن شپ: فائنل میں نئے ریکارڈز کوہلی کے منتظر

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل میں ویرات کوہلی کے پاس پرانے ریکارڈ توڑنے اور نئے ریکارڈ بنانے کا موقع ہوگا۔

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل میں بھارتی اسٹار ویراٹ کوہلی کے پاس ڈان بریڈمین اور راہول ڈریوڈ کے ریکارڈز توڑنے کا موقع موجود ہوگا، کوہلی اب تک 28 ٹیسٹ سنچریاں اپنے نام کے ساتھ جوڑچکے ہیں، مزید ایک تھری فگر اننگز انھیں سابق آسٹریلین بیٹر بریڈمین کا ہم پلہ بنادے گی، متحرک کرکٹرز میں وہ انگلش بلے باز جوروٹ کے برابر بھی ہوسکتے ہیں۔

جوروٹ نے بھی 29 سنچریاں بنارکھی ہیں، اسمتھ 30 سنچریوں کے ساتھ ان سے آگے ہیں، اس کے علاوہ آسٹریلیا کے خلاف باہمی مقابلوں میں مزید 188 رنز جوڑنے پر وہ راہول ڈریوڈ کا ریکارڈ بھی توڑسکتے ہیں، موجودہ ہیڈ کوچ نے کینگروز کےخلاف 2166 رنز بنارکھے ہیں۔

ویرات کوہلی اب تک 24 میچز میں 48.26 کی اوسط سے 1979 رنز اپنے نام کرچکے ہیں، سچن ٹنڈولکر اس معاملے میں 3630 رنز بناکر نمایاں ترین ہیں جبکہ لکشمن 2434 رنز نام درج کراچکے ہیں۔

اس کے علاوہ کوہلی کو کینگروز کے خلاف 2 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے کے لیے 21 رنز جبکہ تمام فارمیٹس میں 5 ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے صرف 55 رنز کی اننگز درکار ہے۔