news
English

ٹیسٹ کرکٹ پاکستان کے دل سے اُترنے لگی

لاہور: ٹیسٹ کرکٹ پاکستان کے دل سے اترنے لگی، نئے فیوچر ٹور پروگرام کے 4 سال میں ٹیم صرف 27 میچز ہی کھیلے گی۔

ٹیسٹ کرکٹ پاکستان کے دل سے اُترنے لگی

2023 سے 2027 تک کے فیوچر ٹور پروگرام کا اعلان کردیاگیا۔ حیران کن طور پر پی سی بی نے 4سال میں ٹیم کے صرف 27 میچز ہی رکھے ہیں،اس دوران انگلینڈ 43،آسٹریلیا 40،بھارت 38،بنگلہ دیش 34 اور نیوزی لینڈ 32ٹیسٹ میں حصہ لے گا،47 ون ڈے انٹرنیشنل اور56ٹی ٹوئنٹی سمیت پاکستانی ٹیم مجموعی طور پر130 میچز میں ایکشن میں دکھائی دے گی۔

ملک کو ایشیاکپ 2023اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025کی میزبانی کا اعزاز بھی حاصل ہوگا،گرین شرٹس 2سہ ملکی ہوم سیریز بھی کھیلیں گے، پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ پر مشتمل پہلی سیریز فروری 2025 میں کھیلی جائے گی، دوسری میں انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں گرین شرٹس کے مدمقابل آئیں گی۔

 پاکستان کے 13 ٹیسٹ ہوم گرائونڈ پر ہوں گی، 47ون ڈے میں سے 21 کے گرین شرٹس میزبان ہوں گے، 56ٹی ٹوئنٹی میچز میں سے 27 ملکی سرزمین باقی دیار غیر میں شیڈول ہیں، قومی ٹیم مجموعی طور پر 238دن ایکشن میں ہوگی۔اس دوران آئی سی سی فل بورڈز کے 12 میں سے 10 ارکان کی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، سری لنکا، بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کی سائیڈز ٹیسٹ سیریز کھیلنے آئیں گی، افغانستان، آسٹریلیا، آئرلینڈ اور زمبابوے کی ٹیمیں محدود طرز کی کرکٹ کیلیے دورہ کریں گی۔

ایف ٹی پی کے مطابق جولائی 2023کے دورہ سری لنکا میں پاکستانی ٹیم 2 ٹیسٹ کھیلے گی۔اگست 2023 میں افغانستان سے اوے سیریز میں3 ون ڈے میچز شیڈول ہیں۔ستمبر میں پاکستان 50اوورز فارمیٹ کے ایشیا کپ کی میزبانی کرے گا، اکتوبر،نومبر میں بھارت میں ون ڈے فارمیٹ کا ورلڈکپ ہوگا،دسمبر 2023 اور جنوری 2024 میں گرین کیپس آسٹریلیا میں 3 ٹیسٹ میچز کھیلیں گے۔فروری،مارچ 2024 میں ویسٹ انڈین ٹیم پاکستان میں 3 ٹیسٹ اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز میں حصہ لے گی۔

 گرین شرٹس مئی میں نیدرلینڈز، آئرلینڈ اور انگلینڈ جا کر مختصر طرز کے 3،3 میچز میں شریک ہوں گے، جون 2024 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ویسٹ انڈیز اور امریکا میں ہوگا۔اگست میں بنگلہ دیش سے 2 ٹیسٹ میچز کی ہوم سیریز شیڈول ہے۔اکتوبر میں انگلش کرکٹ ٹیم3 ٹیسٹ میچز کیلیے پاکستان کی مہمان بنے گی۔نومبر 2024 کے دورہ آسٹریلیا میں گرین شرٹس 3 ون ڈے اور اتنے ہی ٹی 20 میچز کھیلیں گے۔

نومبر اور دسمبر کے زمبابوین ٹور میں بھی پاکستانی ٹیم کو 3 ون ڈے اور اتنے ہی ٹی 20 میچز میں حصہ لینا ہے۔دسمبر2024 اور جنوری 2025 میں جنوبی افریقہ کا دورہ طے ہے جس میں 2 ٹیسٹ،3 ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی ہوں گے۔جنوری 2025 میں کیویز کے دیس میں پاکستانی ٹیم 3 ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔فروری میں ہوم ٹرائنگولر سیریز میں پاکستان نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی میزبانی کرے گا، اس دوران گرین شرٹس کم از کم 4 ون ڈے میچز میں حصہ گے۔

فروری، مارچ 2025 میں پاکستان چیمپئنز ٹرافی کا میزبان ہوگا۔مئی 2025میں بنگلہ دیش سے ہوم سیریز میں 3 ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی ہوں گے۔جولائی اگست میں پاکستان ٹیم دورہ ویسٹ انڈیز میں 3ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی کھیلے گی، اگست 2025 میں افغانستان سے3 ٹوئنٹی 20 میچز کی ہوم سیریز شیڈول ہے، اگست، ستمبر میں ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ہوگا جس کے میزبان کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا، ستمبر،اکتوبر میں آئرلینڈ سے ہوم سیریز 3 ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل ہو گی۔

اکتوبر میں ہی جنوبی افریقی ٹیم پاکستان کی مہمان بن کر2ٹیسٹ،3 ٹوئنٹی20 اور 3 ون ڈے میچز کھیلے گی۔نومبر میں سری لنکا سے ہوم سیریز میں3 ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز ہوں گے۔فروری 2026 میں آسٹریلیا سے3 ٹوئنٹی 20 میچز کی ہوم سیریز طے ہے۔اسی ماہ بھارت اور سری لنکا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا آغاز ہوگا۔ مارچ 2026 میں آسٹریلوی ٹیم پھر پاکستان آ کر3 ون ڈے میچز کھیلے گی۔

مارچ،اپریل میں پاکستانی ٹیم کا دورہ بنگلہ دیش شیڈول ہے جس میں 2 ٹیسٹ،3 ون ڈے اور3ٹوئنٹی 20میچز ہونے ہیں۔اپریل،مئی 2026 میں گرین شرٹس زمبابوے جا کر3ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز میں جلوہ گر ہوں گے۔جولائی، اگست کے دورہ ویسٹ انڈیز میں2ٹیسٹ کھیلیں گے۔اگست،ستمبر میں گرین کیپس انگلینڈ جا کر 3 ٹیسٹ کھیلیں گے۔ اکتوبر میں سری لنکن ٹیم پاکستان آ کر 3 ٹی ٹوئنٹی میچز میں حصہ لے گی،اس کے بعد ہوم ٹرائنگولر سیریز میں بھی پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کا میزبان ہوگا، گرین شرٹس کم از کم چار ون ڈے میچز کھیلیں گے۔

نومبر2026 میں سری لنکا سے گرین کیپس کے 2 ہوم ٹیسٹ میچز بھی ہوں گے۔مارچ 2027میں پاکستان 2 ٹیسٹ میچز میں نیوزی لینڈ کا میزبان ہوگا۔ یاد رہے کہ پاکستان کے ایف ٹی پی کی بیشتر تفصیلات ایکسپریس میں 20 جولائی کو شائع ہوچکی تھیں۔