news
English

پنڈی ٹیسٹ کا دوسرا دن؛ بارش اور خراب روشنی کھیل میں رکاوٹ بن گئی

سری لنکا نے 6 وکٹ کے نقصان پر 263 رنز بنالیے ہیں

پنڈی ٹیسٹ کا دوسرا دن؛ بارش اور خراب روشنی کھیل میں رکاوٹ بن گئی فوٹو: اے ایف پی

 پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز بارش اور خراب روشنی کھیل میں رکاوٹ بن گئی۔

راول پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کا کھیل ابر آلود موسم اور آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے تاخیر سے شروع ہوا۔

شہر میں علی الصبح ہلکی بارش ہوئی اور موسم قدرے صاف ہونے پر مہمان ٹیم نے 5 وکٹ کے نقصان پر 202 رنز سے کھیل کا آغاز کیا۔ ابھی صرف 20 رنز ہی بنے تھے کہ بادل پھر برس پڑے جس کی وجہ سے میچ روک دیا گیا۔

سوا 3 گھنٹے کے وقفے کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا تو مہمان ٹیم کی چھٹی وکٹ گرگئی اور ڈک ویلا 33 رنز بناکر شاہین آفریدی کے گیند پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ آئی لینڈرز کا اسکور 6 وکٹ کے نقصان پر 263 تک پہنچا تو کم روشنی کی وجہ سے دوسرے روز کا کھیل ختم کر دیا گیا۔

پہلے روز سری لنکا کے  کرونا رتنے 59،  اوشاڈا فرنانڈو 40، بی کے جی مینڈس 10، چندی مل 2 اور اینجلو میتھیوز 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔

کم روشنی اور خراب موسم کے باعث میچ کے پہلے روز کا کھیل بھی قبل از وقت ختم ہوگیا تھا اور سری لنکا نے پانچ وکٹوں پر 202 رنز بنائے تھے۔