news

دی ہنڈریڈ: انگلش بورڈ نے لیگ کے لئے نئے منصوبوں کا اعلان کردیا

دی 100 لیگ میں (آئی پی ایل) کی فرنچائزز نے بھی سرمایہ کاری کا عندیہ دے دیا۔

دی ہنڈریڈ: انگلش بورڈ نے لیگ کے لئے نئے منصوبوں کا اعلان کردیا

انگلش کرکٹ بورڈ نے دی ہنڈریڈ لیگ کے مقابلوں کو سنسنی خیز بنانے کے لئے نئے منصوبوں کا اعلان کردیا۔ 
دی ہنڈریڈ لیگ کا تیسرا رنگا رنگ اور سنسنی خیز ایڈیشن 23 جولائی سے شروع ہوچکا ہے تاہم انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ لیگ میں کچھ (آئی پی ایل) کی بھارتی فرنچائزز نے سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا ہے اور وہ مختلف ٹیموں کے اونر بننے کی خواہش رکھتے ہیں تاہم دلچسپی رکھنے والے والی فرنچائزز اور لیگ کے نئے ماڈل سے متعلق تفیصلات ابھی منظر عام پر نہیں آئی ہیں۔
 
ای سی بی کے ڈائریکٹر آف بزنس آپریشنز وکرم بنرجی نے میڈیا کانفرنس کے دوران کہا کہ فرنچائزز سے رسمی بات چیت کا آغاز ستمبر کے وسط میں شروع ہوگا تاہم سال 2025 کے فروری اور مارچ میں ڈرافٹس، ٹکٹس اور نئی ٹیموں کو شامل کرنے کے حوالے سے اَپ ڈیٹ سامنے آئے گی۔ 
انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے سی ای او رچرڈ گولڈ نے کہا کہ ہم اس لیگ کو فروخت نہیں کررہے بلکہ سرمایہ کار گروپس کو شامل کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ وہ لیگ میں پیسہ لگائیں تاکہ اس کی برانڈنگ ہوسکے۔ 
انہوں نے کہا کہ لیگ کا 51 فیصد کنٹرول اور حصص انگلش بورڈ اپنے پاس رکھے گا جبکہ فرنچائزز کو 49 فیصد کے ایکویٹی شیئرزپیش کرے گا۔