news

چیمپئنزٹرافی: 5،6 بورڈز دُم ہلاتے ہوئے وہی بات کرینگے جو جے شاہ بولیں گے

سابق کرکٹرباسط علی نے بی سی سی آئی کے سکریٹری سمیت دیگرممالک کے کرکٹ بورڈز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انتہائی سخت الفاظ کا استعمال کیا۔

چیمپئنزٹرافی: 5،6 بورڈز دُم ہلاتے ہوئے وہی بات کرینگے جو جے شاہ بولیں گے

پاکستان کے سابق کرکٹر باسط علی نے بی سی سی آئی کے سکریٹری سمیت دیگرممالک کے کرکٹ بورڈز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انتہائی سخت الفاظ کا استعمال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر جے شاہ کہے گا کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہوگی تو وہ مان جائیں گے، اگر وہ کہے کہ یہ ایک ہائبرڈ ماڈل ہو گا تب بھی وہ اس کی ہاں میں ہاں ملائیں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے 2025ء کی چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کا دورہ کرنے سے مبینہ طور پر انکار کرنے پر بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ باسط علی نے جے شاہ پر الزام لگایا کہ وہ اپنی ترجیحات کے مطابق دوسرے کرکٹ بورڈز پر غیر ضروری دبائو ڈال رہے ہیں۔ سکیورٹی خدشات کے باوجود پاکستان نے 2025ء کی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے حقوق اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اسٹیڈیمز کی تزئین و آرائش سمیت ایونٹ کی تیاریاں شروع کررکھی ہیں تاہم بھارت کی شرکت تاحال غیر یقینی کا شکار ہے۔ حالیہ رپورٹس بتاتی ہیں کہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے درخواست کر سکتا ہے کہ وہ انڈیا کے چیمپئنز ٹرافی کے میچوں کو کسی غیر جانبدار مقام پر منتقل کرے کیونکہ توقع ہے کہ بھارتی حکومت ٹیم کے پاکستان کے سفر کی منظوری سے انکار کر دے گی۔ 
بی سی سی آئی کے موقف سے بظاہر مایوس نظر آنے والے 53 سالہ سابق کرکٹر باسط علی نے یوٹیوب ویڈیو میں اپنے خدشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 5،6 کرکٹ بورڈز ان کی ہدایات پر آنکھیں بند کرکے عمل کرتے ہیں جو جے شاہ کہیں گے وہ ویسا ہی کریں گے۔ 
باسط علی کا کہنا تھا کہ "یہاں 5،6 بورڈز ہیں،وہ اپنی دم ہلاتے ہوئے بات کریں گے کہ جے شاہ کیا کہیں گے، اگر وہ کہتا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہوگی، تو وہ مان جائیں گے اور اگر وہ کہتے ہیں کہ یہ ایک ہائبرڈ ماڈل ہوگا تب بھی وہ اس کی ہاں میں ہاں ملائیں گے۔"
سابق ٹیسٹ کرکٹر نے مشورہ دیا کہ جے شاہ نے انڈین پریمیئرلیگ (آئی پی ایل) میں کھلاڑیوں کی شرکت کے لیے خاطر خواہ ادائیگیوں کی پیشکش کرکے بڑے کرکٹ بورڈز کی حمایت حاصل کی ہے۔ اس مالی فائدے نے ایسی صورتحال پیدا کی ہے جہاں دیگر کرکٹ بورڈز جے شاہ کے فیصلوں سے ہم آہنگ ہونے پر مجبور ہیں۔،، 
انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ جب ان کے کھلاڑی آئی پی ایل میں کھیلتے ہیں تو بی سی سی آئی ان بورڈز کو بھاری رقم ادا کرتا ہے چاہے وہ انگلش بورڈ ہو، نیوزی لینڈ بورڈ، ویسٹ انڈیز بورڈ یا آسٹریلوی کرکٹ بورڈ‘۔ حال ہی میں کولمبو میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سالانہ اجلاس میں 2025ء کی چیمپئنز ٹرافی کے بجٹ کی باضابطہ منظوری دی گئی۔
مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ منظوری اجلاس کے آخری دن دی گئی۔ ایونٹ کے میزبان ملک پاکستان کی نمائندگی چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کی جو اجلاس میں موجود تھے۔ بجٹ کو آئی سی سی کے چیف فنانس آفیسر انکور کھنہ اور پی سی بی کے چیف فنانس آفیسر جاوید مرتضیٰ نے نہایت احتیاط سے تیار کیا۔ چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے 9 مارچ 2025ء تک جاری رہے گی۔