بابراعظم دنیا کے بہترین بلے باز ہیں، شاہین آفریدی کی تیز گیندوں کا سامنا کرنا آسان نہیں ہوگا، آسٹریلوی بلے باز
آسٹریلوی ٹیم کے اہم بلے باز عثمان خواجہ کا کہنا ہے بابر اعظم کا شمار دنیا کے بہترین بیٹرز میں ہوتا ہے جبکہ آسٹریلیا کی جانب سے بطور اوپنننگ بلے باز ان کے لیے شاہین آفریدی کی تیز رفتار گیند بازی کا سامنا کرنا آسان نہیں ہوگا۔
عثمان خواجہ نے ایک انٹرویو کے دوران آسٹریلوی سرزمین پر اپنی پچھلی سنچری کو یاد کرتے ہوئے قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کی نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک پچوں پر بھی رنز بنانے کی صلاحیت کو سراہا۔
یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ 14 دسمبر سے پرتھ میں شروع ہوگا جس کے لیے پاکستانی ٹیم براستہ دبئی لاہور سے آسٹریلیا کے لیے روانہ ہوگئی ہے۔
پاکستانی ٹیم کی قیادت ٹیسٹ کرکٹر شان مسعود کر رہے ہیں جبکہ ٹیم میں بابر اعظم، سرفراز احمد، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، نعمان علی اور ابرار احمد کے علاوہ دیگر سینئر او رجونیئر کھلاڑی بھی شامل ہیں۔
پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل عثمان خواجہ نے لاہور ٹیسٹ میں شاہین آفریدی اور ڈیوڈ وارنر کے آخری ٹاکرے کو اسپرٹ آف کرکٹ کی بہترین مثال قرار دیا۔ عثمان خواجہ نے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں نے میدان میں بھرپور مقابلہ کیا، شاہین آفریدی نے تیز بولنگ کی جبکہ ڈیوڈ وارنر نے شاندار بیٹنگ کی، وارنر کو آؤٹ کر کے شاہین آفریدی نے مسکرا کر ہاتھ ملایا، پاکستان اور آسٹریلیا کی گزشتہ ٹیسٹ سیریز آن اور آف فیلڈ دونوں لحاظ سے شاندار تھی۔
آسٹریلوی کھلاڑی کا کہنا تھا اس مرتبہ پاکستان کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ آسٹریلیا آرہی ہے، پاکستان کے پاس بابر اعظم جیسا کھلاڑی ہے جس کا شمار دنیا کے بہترین بیٹرز میں ہوتا ہے، بابر اور اسمتھ کا موازنہ ایسے ہی ہے جیسے کوہلی اور اسمتھ کا موازنہ کیا جاتا ہے، عبداللہ شفیق اور امام الحق بھی پاکستانی ٹیم میں شامل بہترین بیٹرز ہیں۔
پاکستانی بولرز کے حوالے سے عثمان خواجہ نے کہا کہ شاہین آفریدی کے پاس رفتار اور سوئنگ کے لیے بہترین کلائی ہے، بطور اوپنر 145 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کرنے والے شاہین آفریدی کا سامنا کرنا آسان نہیں ہوگا۔
آسٹریلوی بیٹر کا کہنا تھا ہمارے پاس بھی مچل اسٹارک، پیٹ کمنز، اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور ٹریوس ہیڈ سمیت کئی اچھے نام ہیں، پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز بہترین اور دلچسپ ثابت ہوگی۔