news
English

پی ایس ایل کے نمائشی میچ کی ٹکٹوں کی فروخت جاری، قیمت صرف 20روپے

  کراچی: پی ایس ایل 8 سے قبل کوئٹہ میں 5فروری کو کھیلے جانے والے نمائشی کرکٹ میچ کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز ہوگیا۔

پی ایس ایل کے نمائشی میچ کی ٹکٹوں کی فروخت جاری، قیمت صرف 20روپے

کوئٹہ کے بگٹی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں عوام کی دلچسپی بڑھانے کے لیے ٹکٹ کی قیمت صرف20 روپے رکھی گئی ہے، یہ ٹکٹ کوئٹہ کے چار مختلف مقامات پر فروخت کے لیے پیش کیے گئے ہیں جن میں بولان کرکٹ اسٹیڈیم اور بگٹی کرکٹ اسٹیڈیم بھی شامل ہیں۔

پی ایس ایل کی معروف فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلے جانے والے اس نمائشی میچ میں ملک کے نامور کرکٹرز شرکت کریں گے جن میں شاہد خان آفریدی بھی شامل ہیں، ان کے ہونے والے داماد اور ممتاز فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اپنی شادی کی تیاریوں کے سبب میچ میں شرکت نہیں کریں گے۔

تاہم قومی کپتان بابراعظم، سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد، محمد نواز، نسیم شاہ، افتخار احمد، محمد حسنین اور عمر اکمل جیسے کھلاڑی بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔

ذرائع کے مطابق میچ میں کسی غیر ملکی کرکٹر کی شرکت کا امکان نہیں ہے۔