news
English

ٹی 20 ورلڈ کپ 2024:  تلکارتنے دلشان کی ٹاپ ٹیموں کی پیشگوئی

ایشیائی ٹیموں کے پاس آئندہ ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے کا بہترین موقع ہے کیونکہ کیریبین حالات اسپنرز کے لیے سازگار ہیں، تلکارتنے دلشان

ٹی 20 ورلڈ کپ 2024:  تلکارتنے دلشان کی ٹاپ ٹیموں کی پیشگوئی

سری لنکا کے سابق اسٹار پلیئر نے اپنی قومی ٹیم کا تجزیہ کرتے ہوئے 2014 کی کامیابی کو دہرانے کی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ 
سابق سری لنکن کرکٹر تلکارتنے دلشان کا ماننا ہے کہ ویسٹ انڈیز میں ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں اسپنرز کو بلے بازوں پر برتری حاصل ہوگی کیونکہ وہاں کی پچیں اسپنرز کے لیے سازگار ہوں گی۔ 
آئی اے این ایس کے ساتھ لیجنڈز انٹر کانٹی نینٹل ٹی 20 لیگ کے آغاز کے موقع پر ایک انٹرویو کے دوران، دلشان نے کہا کہ یہ حالات ایشیائی ٹیموں کو فائدہ پہنچائیں گے اور انہیں ٹرافی کے لیے مضبوط دعویدار بنائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ "ایشیائی ٹیموں کے پاس آئندہ ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے کا بہترین موقع ہے کیونکہ کیریبین حالات اسپنرز کے لیے سازگار ہیں۔" 
دلشان نے اس بات پر زور دیا کہ بھارتی ٹیم ٹورنامنٹ جیتنے کی مضبوط دعویدار ہے، خاص طور پر ان کی موجودہ فارم اور آئی پی ایل میں ان کے اسپنرز کی برتری کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جاسکتا ہے کہ "بھارتی ٹیم ٹرافی اٹھانے کے لیے فیورٹ ہے، ان کی موجودہ فارم اور ان کے اسپنرز نے آئی پی ایل میں شاندار کارکردگی دکھائی ہے اور وہ اپنی اس فارم کو ورلڈ کپ میں بھی جاری رکھیں گے۔ بدلتے ہوئے حالات کے ساتھ، ان کے پاس دستیاب آپشنز کا انتخاب کرنے کا موقع ہوگا۔ مجھے لگتا ہے کہ دو رِسٹ اسپنر اور ایک بائیں ہاتھ کا اسپنر بھارتی ٹیم کے لیے بہترین کمبینیشن ہوگا۔" 
بھارت نے اپنی 15 رکنی ٹیم کے لیے چار اسپنرز منتخب کیے ہیں، جن میں یوزویندر چہال بھی شامل ہیں جو جولائی 2023 کے بعد واپس آئے ہیں۔ رویندر جڈیجا اور کلدیپ یادیو بھی ٹیم کی کارکردگی کو بڑھانے کے لیے تیار ہیں۔ افغانستان اور سری لنکا نے بھی چار چار اسپنرز کا انتخاب کیا ہے۔ پاکستان کی ٹیم کا اعلان ابھی ہونا باقی ہے، لیکن توقع ہے کہ وہ عماد وسیم، شاداب خان اور ابرار احمد کو اسپن آپشنز کے طور پر شامل کریں گے۔ 
سری لنکا کی ٹیم کا تجزیہ کرتے ہوئے، دلشان نے ان کی 2014 کی کامیابی کو دہرانے کی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کیا، جب انہوں نے فائنل میں بھارت کو شکست دے کر ٹی 20 ورلڈ کپ جیتا تھا۔ 
تلکارتنے کا کہنا تھا کہ "سری لنکا کے پاس بھی اچھے اسپنرز ہیں اور ان کی ٹیم کافی مضبوط نظر آتی ہے، لہذا ہاں، مجھے امید ہے کہ وہ 2014 کی شاندار فارم واپس لا سکتے ہیں۔"