news
English

پاکستان اورنیوزی لینڈ کے پہلےمیچ میں بارش نے رنگ میں بھنگ ڈال دی

سیریز کا پہلا میچ بارش کے باعث مقررہ وقت 7:30 کے بجائے 10 بجکر 17 منٹ پر شروع ہوا جو صرف دو گیندوں بعد ہی منسوخ کردیا گیا۔

پاکستان اورنیوزی لینڈ کے پہلےمیچ میں بارش نے رنگ میں بھنگ ڈال دی

 راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹی20 میچ بارش کی نذر ہوگیا۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بارش کے باعث مقررہ وقت 7:30 کے بجائے 10 بجکر 17 منٹ پر شروع ہوا جو صرف دو گیندوں بعد ہی منسوخ کردیا گیا، بارش کے باعث میچ کو پانچ، پانچ اوورز تک محدود کردیا گیا تھا، تاہم بارش نے رنگ میں بھنگ ڈال دی اور میچ مکمل نہ ہوسکا۔ 
اس سے قبل میچ کا ٹاس بھی آدھا گھنٹہ تاخیر کا شکار ہوا، نیوزی لینڈ کے کپتان مائیکل بریسویل نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ 
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم رابنسن اور ٹم سیفرڈ نے اننگز کا آغاز کیا، ٹم رابنس میچ کی دوسری گیند پر 2 کے مجموعی اسکور پر بغیر کوئی رن بنائے شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ 
اس کے بعد مارک چیمپمین کریز پر آئے لیکن بارش نے پھر برسنا شروع کردیا جس کی وجہ سے میچ منسوخ کردیا گیا۔ اس میچ میں پاکستان کی طرف سے تین کھلاڑیوں عثمان خان، ابرار احمد اور عرفان خان نیازی نے ڈیبیو کیا۔ 
آج یعنی جمعہ 19 آپریل کا دن پاکستانی ٹیم کے لیے آرام کا دن ہوگا جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کے لیے آپشنل ٹریننگ ڈے ہوگا۔ سیریز کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 20 اپریل کو اسی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ 
دونوں ٹیموں کے درمیان 5 ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کے ابتدائی تین میچز کی میزبانی راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کرے گا جبکہ آخری دو میچ لاہور میں شیڈول ہیں۔ 
پاکستان کا اسکواڈ: 
بابر اعظم (کپتان)، صائم ایوب، محمد رضوان، عثمان خان، افتخار احمد، محمد عرفان خان، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، محمد عامر، ابرار احمد۔ 
نیوزی لینڈ کا اسکواڈ: 
مائیکل بریسویل (کپتان)، مارک چیپ مین، جوش کلارکسن، جیکب ڈفی، ڈین فاکس کرافٹ، بین لِسٹر، جیمز نیشام، ٹم رابنسن، بین سیئرز، ٹم سیفرٹ، ایش سودھی۔