news
English

بابراعظم، رضوان اور شاہین کو ماہانہ کتنی تنخواہ کی پیشکش ہوئی ہے؟

پی سی بی نے قومی کرکٹرز لاکھوں روپے ریٹینر شپ فیس کی پیشکش کردی۔

بابراعظم، رضوان اور شاہین کو ماہانہ کتنی تنخواہ کی پیشکش ہوئی ہے؟

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم، وکٹ کیپر بلے بازمحمد رضوان اور پیسرشاہین شاہ آفریدی سمیت ٹاپ لسٹ میں شامل کرکٹرز کو ماہانہ 45 لاکھ روپے ریٹینر شپ فیس کی پیشکش کردی۔ 
ایکسپریس نیوز کے مطابق پچھلے کنٹریکٹ کے تحت ریڈ بال پلیئرز کا ماہانہ معاوضہ ساڑھے 10 لاکھ اور وائٹ بال کا ساڑھے 9 لاکھ روپے دیا جاتا تھا تاہم اب چیئرمین ذکا اشرف نے کھلاڑیوں کے لئے تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ 
اس سے قبل گزشتہ کنٹریکٹ میں فیس میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا تھا، ٹیسٹ میچ فیس 8 لاکھ 38ہزار530، ون ڈے انٹرنیشنل 5 لاکھ 15 ہزار 696 روپے جبکہ ٹی20 انٹرنیشنل فیس 3 لاکھ 72 ہزار 75 روپے تھی، جو کہ تمام کیٹیگریز کے پلیئرز کو یکساں ملتی تھی۔  
دوسری جانب بورڈ کے کنٹریکٹ میں اے کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو سال میں ایک لیگ کا این او سی، بی کیٹیگری کو دو لیگز کا جبکہ سی کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کو سالانہ تین لیگز میں شرکت کی اجازت تھی۔ 
بورڈ کے اعلیٰ حکام اس حقیقت سے واقف ہیں کہ انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) میں عدم شرکت کی وجہ سے پاکستانی کرکٹرز دنیا کے دیگر ٹاپ اسٹارز کی طرح کمائی نہیں کرپا رہے، 100 فیصد ازالہ تو ممکن نہیں مگر بورڈ چاہتا ہے کہ ان کو بھی بڑی رقم دی جائے جس سے کھلاڑیوں کو مالی آسودگی حاصل ہو۔