news
English

ٹی 20 رینکنگ؛ پاکستان کی نمبر ون پوزیشن داؤ پر لگ گئی

غیر متوقع طور پر دونوں میچز میں ناکامی ہوئی تو 7 پوائنٹس کی کٹوتی سرفراز الیون کو تیسرے درجے پر لے جائے گی

ٹی 20 رینکنگ؛ پاکستان کی نمبر ون پوزیشن داؤ پر لگ گئی PHOTO: AFP

ایڈنبرا: پاکستان کی ٹوئنٹی20 کرکٹ رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن دائو پر لگ گئی۔

پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان 2 ٹوئنٹی 20 میچز بالترتیب12 اور 13 جون کو ایڈنبرا میں کھیلے جائینگے، اس وقت گرین شرٹس رینکنگ میں 130 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں، نمبر 11 اسکاٹش ٹیم سے دونوں میچز جیتے تو ایک پوائنٹ کا اضافہ ہو جائے گا۔

سیریز1-1 سے برابر ہونے پر بھی پہلی پوزیشن برقرار البتہ3 پوائنٹس کی کٹوتی سے نمبر 2آسٹریلیا کے ساتھ فاصلہ صرف ایک پوائنٹ کا رہ جائے گا۔ البتہ اگر غیر متوقع طور پر دونوں میچز میں ناکامی ہوئی تو 7 پوائنٹس کی کٹوتی سرفراز الیون کو تیسرے درجے پر لے جائے گی، یوں 126 پوائنٹس کے ساتھ آسٹریلیا سرفہرست اور 123 پوائنٹس کی حامل تیسری پوزیشن پر موجود بھارتی ٹیم اعشاریائی فرق سے نمبر 2 بن جائے گی۔

اس وقت رینکنگ کی ابتدائی تین پوزیشنز پر پاکستان، آسٹریلیا اور بھارت موجود ہیں، نیوزی لینڈ، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کا بالترتیب چوتھے سے ساتواں نمبر ہے، بنگلہ دیش کو سیریز میں شکست دینے والی افغان ٹیم آٹھویں نمبر پر برقرار رہی، سری لنکا نمبر 9 اور بنگال ٹائیگرز ٹاپ 10 کے آخری شریک ہیں۔

واضح رہے کہ رواں سال بھی مختصر طرز میں گرین شرٹس کی کارکردگی بہترین رہی ہے، ٹیم نے نیوزی لینڈ سے سیریز کا پہلا میچ ہارنے کے بعد پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا، اگلے دونوں میچز جیت کر سیریز اپنے نام کی اور پھر ویسٹ انڈیز کو بھی کراچی میں تینوں ٹی ٹوئنٹی میں مات دی۔