news
English

دنیائےکرکٹ کے2 انوکھے کھلاڑی جوہرٹی 20 ورلڈکپ میں حصہ لےچکے ہیں

دونوں کھلاڑیوں نے جنوبی افریقہ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ٹی 20 ورلڈ کپ کیریئر کا مؤثر آغاز کیاتھا

دنیائےکرکٹ کے2 انوکھے کھلاڑی جوہرٹی 20 ورلڈکپ میں حصہ لےچکے ہیں

کیا آپ جانتے ہیں کہ دنیائے کرکٹ کے دو ایسے منفرد کھلاڑی ہیں جو اب تک ہونے والے تمام آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں حصہ لے چکے ہیں۔؟ 
روہت شرما اور شکیب الحسن کرکٹ کی دنیا کے واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ہر ایڈیشن میں حصہ لیا ہے اور اگلے ماہ سے دوبارہ شروع ہونے والے میگا ایونٹ میں چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے پھر سے تیار ہوں گے۔ 
ان دونوں کھلاڑیوں نے جنوبی افریقہ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ٹی 20 ورلڈ کپ کیریئر کا مؤثر آغاز کیاتھا۔ 2007 کے افتتاحی ٹی 20 ورلڈ کپ میں ان کے ڈیبیو نے انہیں کرکٹرز کی نئی نسل کے علم بردار کے طور پر نشان زد کیا۔ 
روہت شرما کی پہلی قابل ذکر اننگز ڈربن میں جنوبی افریقہ کے خلاف ایک اہم گروپ میچ کے دوران سامنے آئی، جہاں انہوں نے اپنا پہلا ٹی 20 انٹرنیشنل ففٹی پلس اسکور کیا، پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا، اور سیمی فائنل میں ہندوستان کی جگہ محفوظ کی۔ 
دوسری جانب شکیب الحسن نے جوہانسبرگ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف بنگلہ دیش کی شاندار فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ صرف 20 سال کی عمر میں، شکیب نے 4/34 کے اعداد و شمار کے ساتھ اپنا بولنگ اسپیل مکمل کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے مڈل آرڈر کو تباہ و برباد کردیا۔ بنگلہ دیش نے مردوں کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں اپنی صرف تیسری کامیابی آسانی سے حاصل کی۔ 2007 کے اس ٹورنامنٹ میں، شکیب الحسن نے چھ وکٹیں لیں، جب کہ روہت شرما نے پاکستان کے خلاف فائنل میں بھارت کی جانب سے ٹائٹل جیتنے میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے 16 گیندوں پر تیز رفتار 30 رنز بنا کر کامیابی کی راہ ہموار کرنے میں مدد کی۔ 2009 کے ٹورنامنٹ میں روہت نے بنگلہ دیش کے خلاف 23 گیندوں پر 36 رنز کے ساتھ بھارتی اننگز کا مضبوط آغاز کیا، اور شکیب الحسن کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد انہوں نے آئرلینڈ کے خلاف ففٹی بنائی لیکن اس کے بعد کے کھیلوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ بھارت دوسرے راؤنڈ میں باہر ہوگیاتھا۔ 
روہت شرما کی شاندار کارکردگی میں سے ایک برج ٹاؤن میں آسٹریلیا کے خلاف 2010 کے ٹورنامنٹ میں سامنے آئی تھی۔ ہندوستان کی شکست کے باوجود، انہوں نے بہادری سے مقابلہ کیا، 46 گیندوں پر ناقابل شکست 79 رنز بنائے۔ جبکہ شکیب الحسن کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا سب سے بڑا اسکور 2012 میں پاکستان کے خلاف کینڈی میں سامنے آیا، جہاں ان کے 54 گیندوں پربنائےگئے 84 رنز اپنی ٹیم کی جیت میں کردار ادا نہ کرسکے۔ 
اسی طرح 2014 کا ٹی 20 ورلڈ کپ دونوں کھلاڑیوں کے لیے بہترین رہا۔ فائنل میں پہنچنے کے بعد روہت شرما نے بھارت کے لیے دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا، جب کہ شکیب الحسن نے بلے اور گیند دونوں سے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 186 رنز بنائے اور آٹھ وکٹیں لیں۔
افغانستان کے خلاف ان کی پلیئر آف دی میچ کی کارکردگی، بنگلہ دیش کے لیے ان کے ہوم ٹورنامنٹ میں سرفہرست ہے۔ 
اگلے ماہ سے، روہت شرما اور شکیب الحسن ایک بار پھر ٹی 20 ورلڈ کپ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ روہت دو سال کے وقفے کے بعد ہندوستانی ٹی 20 ٹیم میں واپس آئے ہیں اور اپنی ٹیم کی کپتانی کریں گے۔ جبکہ انجری سے صحت یاب ہونے والے شکیب الحسن نے مئی میں زمبابوے کے خلاف سیریز کے دوران بنگلہ دیشی ٹیم میں کامیاب واپسی کی۔ 
آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے لیے گروپ اے میں بھارت، پاکستان، کینیڈا اور آئرلینڈ کے ساتھ ہے، جب کہ بنگلہ دیش اپنے آپ کو گروپ ڈی میں جنوبی افریقہ، سری لنکا، نیدرلینڈز اور نیپال کے ساتھ پائے گا۔