محمد عامر نے آئی ایل ٹی 20 میں ڈیزرٹ وائپرز کی نمائندہ کرتے ہوئے9 میچوں میں 12 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
یو اے ای کے فاسٹ بولر قومی کھلاڑی محمد عامر کے پرستارنکلے، کہتے ہیں محمد عامر سے ریورس سوئنگ سیکھ کر اپنی گیند بازی میں اثر پیدا کیا، عامر کی توجہ اور محبت کے لیے ان کا شکر گزار ہوں۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے فاسٹ بولر محمد جواد اللہ نے قومی کھلاڑی محمد عامر کی انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 کے دوسرے سیزن کے دوران ریورس سوئنگ سکھانے پر ان کی دل کھول کر تعریف کی۔
یو اے ای کے 25 سالہ فاسٹ بولر نے 13 کے زبردست اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ آٹھ میچوں میں 10 وکٹیں حاصل کیں اور شاندار بولنگ کے ساتھ سیزن کا اختتام کیا۔
جواد اللہ نے محمد عامر کی جانب سے رہنمائی اور مہارت فراہم کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں ریورس سوئنگ پر کام کررہا ہوں اور محمد عامر میرے لیے گائیڈ رہے ہیں، میری خوش قسمتی ہے کہ میں نے ان کی مہارت سے بہت کچھ سیکھا ہے، محمد عامر کی طرح کی اثرانگیز بولنگ کرانے کے لیے بہت محنت کی ضرورت ہے لیکن میں ہرسیشن کے ساتھ بہتر رہا ہوں۔،،
جواد اللہ کا کہنا تھا کہ یو اے ای میں فاسٹ بولر بعض اوقات مڈل اور ڈیتھ اوورز میں جدوجہد کرتے ہیں اس لیے میرے خیال میں ریورس سوئنگ ہمارے لیے اچھا آپشن ہے۔،،
واضح رہے کہ محمد عامر نے آئی ایل ٹی 20 میں ڈیزرٹ وائپرز کی نمائندہ کرتے ہوئے بھی 9 میچوں میں 12 وکٹیں حاصل کی تھیں اور ٹورنامنٹ کے کامیاب ترین بولرز میں شمار ہوئے تھے۔