news
English

پاک بھارت کرکٹ: یو اے ای میلہ سجانے کے لیے بے تاب

کراچی: دبئی کرکٹ کونسل کے چیئرمین عبدالرحمان فلک ناز پھر سے یواے ای میں پاک بھارت کرکٹ میلہ سجانے کے لیے بے تاب ہیں۔

پاک بھارت کرکٹ: یو اے ای میلہ سجانے کے لیے بے تاب

حال ہی میں دبئی میں دونوں روایتی حریف ممالک کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا مقابلہ ہوا جسے دنیا بھرکے کروڑوں شائقین نے دیکھا،البتہ 2013 سے ان دونوں ملکوں کے درمیان باہمی کرکٹ کا سلسلہ منقطع ہے، عبدالرحمان فلک ناز سالانہ بنیادوں پر دونوں ٹیموں کے درمیان میچز کی میزبانی کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سب سے بہترین بات پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کو یہاں پر پھر سے لانا ہوگی، جب شارجہ میں دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلے ہوا کرتے تھے تو وہاں پر جنگ کا ماحول ہوتا تھا مگر یہ کھیل کی جنگ ہوتی تھی، مجھے یاد ہے کہ ایک بار فلم اسٹار راج کپور اپنی فیملی کے ساتھ یہاں آئے اور میچ سے لطف اندوز ہوئے۔

 انھوں نے ایوارڈ تقریب میں مائیک سنبھالا اور کہا کہ پاکستان اور بھارت کی شارجہ میں جنگ حیران کن ہے، کرکٹ ہمیں ایک دوسرے کے قریب لا رہی ہے اور یہ سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔

فلک ناز نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ یہ سلسلہ دوبارہ شروع ہو، اگر ہم بھارت کو یہاں آنے اور پاکستان کے ساتھ کھیلنے پر راضی کرسکے تویہ بہت ہی زبردست بات ہوگی۔