news
English

پی ایس ایل9: عبید شاہ اورحارث کے عزائم کیا ہیں! کرکٹرزنے بتادیا  

ٹورنامنٹ میں بیٹنگ کا معیار بہت اچھا ہے کوشش ہوگی کہ بابراعظم سمیت بڑے ناموں کو اپنا شکار بناؤں، نوجوان فاسٹ بولر 

پی ایس ایل9: عبید شاہ اورحارث کے عزائم کیا ہیں! کرکٹرزنے بتادیا  

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے آغاز سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے نوجوان فاسٹ بولر عبید شاہ نے اپنے عزائم ظاہر کردیئے۔  
عبید شاہ اپنے بھائی نسیم شاہ کے ساتھ بولنگ کرنےکے لیےبہت پرجوش ہیں۔
گزشتہ روز پریکٹس سیشن کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے نوجوان فاسٹ بولرعبید شاہ نے کہا کہ ٹورنامںٹ میں پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم کی وکٹ لینا ان کاپہلا ہدف ہے، ٹورنامنٹ میں بیٹنگ کا معیار بہت اچھا ہے، کوشش ہوگی کہ بڑے ناموں کو اپنا شکار بناؤں۔ 
انہوں نے کہا کہ نسیم شاہ کے ساتھ نیٹ میں بولنگ کرکے بہت مزہ آیا، انہوں نے ٹی20 فارمیٹ میں بولنگ کے حوالے سے لائن اور لینتھ کے بارے میں بتایا۔
توقع ہے کہ پی ایس ایل میں ہم تینوں بھائی ایک ہی ٹیم کی جانب سے بولنگ کرائیں گے، جس کے لیے ہم سب بہت پُرجوش ہیں۔  
دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈکوچ مائیک ہیسن نے کہا کہ تینوں (بھائیوں) کرکٹرز (عبید شاہ، حنین شاہ، نسیم شاہ)کو ایک ساتھ بولنگ کرواتے ہوئے دیکھنا دلچسپ لمحہ ہوگا۔  
واضح رہے کہ نسیم شاہ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں اپنے بھائیوں کے ہمراہ فرنچائز میں شمولیت پر کہا تھا کہ دونوں بھائیوں نے ڈومیسٹک اور انڈر19 ٹیم میں پرفارمنس دیکر جگہ بنائی ہے، یہ کہنا غلط ہوگا کہ میری وجہ سے اسکواڈ میں منتخب ہوئے۔
اُدھر لاہور قلندرز کے تیز گیند باز حارث رؤف مسلسل تیسرے پی ایس ایل ٹائٹل کو جیتنے کے لیے بے حد پراعتماد ہیں۔ 
لاہور قلندرز پی ایس ایل کے دفاعی چیمپئن ہیں جنہوں نے 2022 اور 2023 میں ٹائٹل جیتا تھا۔ 
پی ایس ایل 9 کے حوالے سے حارث نے کہا شائقین چاہیں گے کہ ہم دوبارہ جیتیں اور ہم دوبارہ اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔‘‘ 
انہوں نے مزید کہا کہ دفاعی چیمپئن ہونے کا ہماری ٹیم پر کوئی دباؤ نہیں ہے اور خاص طور پر مجھ پر بھی کوئی دباؤ نہیں ہے۔ میں اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے اور ٹیم میں اہم جگہ بنانے کی کوشش کروں گا۔