قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر عمراکمل نے کہا ہے کہ یہ حتمی طور پر مداحوں کی رائے پر منحصر ہے کہ میری پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ میں ضرورت ہے یا نہیں۔
پاکستان کے مایہ ناز کرکٹر عمر اکمل نے قومی ٹیم کی مڈل آرڈر پوزیشن میں اپنی قسمت کا تعین کرنے کے لیے مداحوں سے رائے طلب کی ہے۔ ایک مقامی میڈیا چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے عمراکمل نے عاجزی سے کہا کہ یہ بالآخر کرکٹ شائقین پر منحصر ہے کہ وہ اس بارے میں کیا فیصلہ کرتے ہیں کہ ان کی پاکستانی ٹیم کی لائن اپ میں ضرورت ہے یا نہیں۔
ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل نے پاک سری لنکا سیریز سے متعلق اہم پیش گوئی کردی۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر اکمل نے کہا کہ پاکستان ٹیسٹ ٹیم سری لنکا میں سیریز جیت سکتی ہے۔
عمر اکمل نے کہا کہ سری لنکا میں ٹیسٹ اور ون ڈے کے لیے کنڈیشنز مشکل ہوتی ہیں، کیمپ میں قومی کرکٹرز نے دورہ سری لنکا کے لیے سخت محنت کی ہے، ابھی عید کے بعد پھر کیمپ لگنا ہے، کرکٹرز کے لیے بھرپورتیاری کا مزید موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو کرکٹرز منتخب ہوئے ہیں وہ تسلسل کے ساتھ پرفارم کر رہے ہیں، ٹف کنڈیشنز کے باوجود پاکستانی ٹیم سیریز جیتے گی۔
عمر اکمل کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی فٹنس کو بہتر بنانے کے لیے بہت محنت کی ہے، میں نے ابھی ہار نہیں مانی، فٹنس پر مزید کام جاری رکھوں گا۔
ایک سوال کے جواب میں عمر اکمل نے کہا کہ میری مڈل آرڈر میں پرفارمنس سب کے سامنے رہی ہے، کرکٹ فینز بہتر بتا سکتے ہیں کہ مڈل آرڈر میں میری ضرورت ہے یا نہیں، اس وقت مڈل آرڈر میں افتخار احمد بھی اچھا پرفارم کر رہے ہیں، ان کے لیے نیک خواہشات ہیں۔