news
English

عمر اکمل کرکٹ لیگ کا فائنل ادھورا چھوڑ کر چلے گئے

راچی جمخانہ میں منعقدہ رمضان کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں وہ عمر ایسوسی ایٹس کی نمائندگی کر رہے تھے، انہوں نے نان پروفیشنل رویہ اختیار کیا

عمر اکمل کرکٹ لیگ کا فائنل ادھورا چھوڑ کر چلے گئے PHOTO: AFP

لاہور: عمر اکمل غیرذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کرکٹ لیگ کا فائنل ادھورا چھوڑ کر چلے گئے۔

غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنے پر تنازعات کا شکار رہنے والے ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل کے خلاف تادیبی کاروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے، عمر اکمل گزشتہ شب کراچی جیمخانہ گراونڈ پر عمر کپ کراچی جیمخانہ نائٹ رمضان کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں فیلڈنگ چھوڑ کر میدان سے چلے گئے تھے،

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ عمر ایسوسی ایٹس کی نمائندگی کرنے والے عمر اکمل قاسمی کرکٹ کلب کے خلاف بیٹنگ کرنے کے بعد فیلڈنگ کے گراونڈ میں اترے اور چند اوورز کے بعد میچ میں امپائرنگ کی ذمہ داری ادا کرنے والے ٹیسٹ امپائر ریاض الدین سےانجری کا بہانہ کرکے میدان سے جانے کی اجاذت طلب کی، امپائر نے کوئی انجری ظاہر نہ ہونے پر تیکنیکی بنیاد پر عمر اکمل کو دو اوورز کے لیے میدان سے جانے کی اجاذت دیدی،تاہم عمر اکمل دو اوورز مکمل ہونے کے بعد واپس گراونڈ میں نہیں لوٹے اورلاہور کی فلائٹ پکڑنے کے لیے ائیرپورٹ روآنہ ہو گئے،

امپائر نے دو اوورز کے بعد عمر اکمل کو میدان میں طلب کیا تو ان کی ٹیم کے منتظمین نے کہا کہ وہ انجری کا شکارہوگئے ہیں،ریاض الدین نے اس موقف کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا اور عمر اکمل کو فیلڈ سے غیر حاضر قرار دے کر متبادل فیلڈر کو میدان میں آنے کی اجازت نہیں دی جس کے بعد عمر کرکٹ کلب کی ٹیم نے دس فیلڈرز کے ساتھ بقیہ میچ کھیلا اور خوش قسمتی سے ٹائیٹل جیتنے میں کامیاب رہی،

ذرا ئع کا کہنا ہے کہ پی سی بی سے اجازت یافتہ ایونٹ میں قانون کی خلاف ورزی پر عمر اکمل کے خلاف ڈسپلنری ایکشن لیا جا سکتا ہے ، تاہم اس کا انحصار امپائر کی رپورٹ پر ہوگا