news
English

عمراکمل کی قومی ٹیم میں واپسی کے لیے سخت ٹریننگ

عمر اکمل کا کہنا ہے کہ وہ آج کل اپنا پورا دن کرکٹ ٹریننگ میں گزاررہے ہیں، کلب کی جانب سے میچز بھی کھیلتے رہیں گے۔

عمراکمل کی قومی ٹیم میں واپسی کے لیے سخت ٹریننگ

لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عمر اکمل نے کہا کہ قومی کرکٹرز کے کیمپ میں سبھی کھلاڑی بہت محنت کررہے ہیں ان کے لیے نیک خواہشات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گرم موسم میں بھی کرکٹرز اپنی سو فیصد پرفارمنس دے رہے ہیں، میں مسلسل ٹریننگ کر رہا ہوں، اکیڈمی میں کیمپ جاری ہے، اس لیے قادر اکیڈمی میں ہی ٹریننگ کر رہا ہوں۔

عمر اکمل کا کہنا ہے کہ کرکٹ کے ساتھ کھلاڑیوں کی جسمانی فٹنس بہت ضروری ہے، اس پر فوکس ہے، لنکا پریمیئر لیگ میں مجھے لینا ان پر منحصر ہے اگر وہ منتخب کرتے ہیں تو سو فیصد دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم میں تمام پرفارمرز کو موقع ملتا ہے، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سب کے سامنے ہے کہ کس نمبر پر بیٹنگ کی اور صرف ٹیم کے لیے کھیلا۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ میری فیملی مجھے بہت متحرک رکھتی ہے، میں ایک مرتبہ مایوس ہوا تھا لیکن فیملی نے کہا کہ آپ گرین شرٹ پہنیں گے۔

کرکٹر عمر اکمل نے یہ بھی کہا کہ کامران اکمل ہمیشہ میرے ساتھ کام کرتے رہے، ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ میرے ساتھ محنت کرتے ہیں، میں اپنی محنت جاری رکھوں گا، انفرادی ٹریننگ کر رہا ہوں، کلب کی جانب سے میچز بھی کھیلتا رہوں گا۔