news
English

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ نے پی سی بی سے راہیں جدا کرلیں  

پی سی بی نے مورنے مورکل سے ورلڈ کپ 2023 تک بولنگ کوچ کا معاہدہ کیا تھا۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ نے پی سی بی سے راہیں جدا کرلیں  

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ مورنے مورکل نے پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی)  سے راہیں الگ  کرلیں۔ 
ذرائع کے مطابق  دورہ آسٹریلیا کے لیے قومی ٹیم کے سابق پیسر عمرگل کو بولنگ کوچ کی ذمہ داریاں سونپے جانےکا امکان ہے۔ جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے مورنے مورکل  کا پی سی بی کے ساتھ ورلڈکپ 2023 تک ذمہ داریاں نبھانے کا معاہدہ تھا جس میں اب توسیع نہیں کی جارہی جبکہ مورکل بھی مزید کام کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔ مورکل نے اس بارے میں باقاعدہ طورپر پی سی بی کو آگاہ بھی کردیا ہے۔ 
پی سی بی نے مورنے مورکل کےساتھ معاہدے کا باقاعدہ اعلان 17 جون کو کیا تھا تاہم انہوں نے آئی پی ایل سمیت دوسری مصروفیات کی وجہ سے تاخیر سے قومی ٹیم کو جوائن کیاتھا۔ مورکل کی موجودگی میں پاکستانی بولرز کی پرفارمنس کا گراف توقعات کےمطابق اچھا نہیں ہوسکا جس کا عکس ایشیا کپ کے بعد ورلڈ کپ 2023 میں قومی ٹیم کی مجموعی کارکردگی میں بھی نظر آیا۔ 

ورلڈکپ میں خراب کارکردگی کا مظاہرہ کرنےوالی قومی ٹیم کا اگلا چیلنج آسٹریلیا کے خلاف 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز ہے، توقع کی جارہی ہے کہ مورنے مورکل کے عہدہ چھوڑنے کے بعد سابق پیسر عمر گل قومی ٹیم کےبولنگ کوچ کی حیثیت سے ذمے داریان نبھائیں گے۔