قومی ٹیم کے سابق پیسرعمرگل نےگرین شرٹس کےورلڈ کپ اسکواڈکےلیےپانچ ممکنہ فاسٹ بالرزکاانتخاب کیا ہے۔
قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بالرعمرگل نے حالیہ افغانستان اور نیوزی لینڈ سیریز کے لیے پاکستان کے عبوری باؤلنگ کوچ کی حیثیت سے خدمات انجام دی تھیں۔ انہوں نے بھارت میں شیڈول آئندہ آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے لیے اپنے تجربے کی بنیاد پر پانچ ممکنہ تیز گیندبازوں کا انتخاب کیا ہے۔
پاکستان میں کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ کرکٹ پاکستان سے گفتگو میں عمرگل نے کہا کہ اگر آپ ہماری باؤلنگ کی بات کریں تو نیوزی لینڈ سیریز کے دوران ہمارے پاس جو پیسنگ اٹیک تھا اسے برقرار رکھا جانا چاہیے اور یہ ورلڈ کپ کے لیے ہمارے بہترین بولرز ہوسکتے ہیں جن میں شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف، احسان اللہ اور محمد وسیم جونیئر شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ اسپن اٹیک کی بات کرتے ہیں یہ جانتے ہوئے کہ میگا ایونٹ بھارت میں کھیلا جا رہا ہے، تو آپ کو اپنے اسپنرز کی مدد کی ضرورت ہے آپ کے پاس محمد نواز، شاداب خان جیسے ٹاپ آل راؤنڈرز ہیں اور مجھے لگتا ہے کہ ہمارے پاس بہترین کھلاڑی موجود ہیں۔
عمرگل نے مزید بتایا کہ میگا ایونٹ میں اٹیک کے لیے ان کی پہلی پسند تیز رفتار شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف کی مہلک گیند بازی ہوگی۔ تاہم، انہوں نے بینچ پر مزید آپشنز رکھنے کی اہمیت پر زور دیا، جس میں احسان اللہ اور وسیم جونیئر شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلا انتخاب میگا ایونٹ کے لیے شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف کے تینوں پیس اٹیک ہوں گے لیکن اگر آپ بینچ کو دیکھیں تو آپ کو احسان اللہ اور وسیم جونیئر کی دستیابی کی ضرورت ہے، میری رائے میں احسان اللہ بہترین ہے اور وسیم کو ایشیا کپ میں موقع دیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل ہمیں احسان اللہ کو چند میچوں میں آزمانا ہوگا، تاکہ یہ معلوم ہوسکے کہ آیا وہ پچاس اوور کا فارمیٹ کھیلنے کے لیے تیار ہے، کیونکہ بین الاقوامی سطح پر مسابقتی کرکٹ ہوگی اور میں جانتا ہوں کہ ان میں صلاحیت موجود ہے۔