news
English

انڈر19ورلڈکپ: جنوبی افریقہ کو شکست دے کربھارت فائنل میں پہنچ گیا  

ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل جمعرات کو پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ 

انڈر19ورلڈکپ: جنوبی افریقہ کو شکست دے کربھارت فائنل میں پہنچ گیا  

آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے جنوبی افریقہ کو 2 وکٹوں سے شکست دیکر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ 
جنوبی افریقہ کے شہر بینونی میں کھیلے جانے والے میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 244 رنز بنائے۔ میزبان ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اوپنرزصرف 23 رنز کا آغاز دے سکے، اسٹیو اسٹوک 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ لہوان پریٹوریئس نے 76 رنز کی اننگز کھیلی۔ 
رچرڈ سیلٹسوین نے 2 چھکوں اور 4 چار چوکوں کی مدد سے 64 رنز بنائے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ڈیوڈ ٹیگر صفر، اولیور وائٹ ہیڈ 22، دیوان ماریس 3 کپتان جوآن جیمز 24 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ اختتامی لمحات میں ٹرسٹن لوس 12 گیندوں پر 23 رنز بنائے۔ 
بھارت کی جانب سے راج لمبانی نے 3، مشیر خان نے 2 جبکہ سومی پانڈے اور نمن تیواری نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
 
ہدف کے تعاقب میں بھارت کا آغاز مایوس کن رہا، ابتدائی 4 کھلاڑی محض 32 کے اسکور پر پویلین لوٹے۔ آدرش سنگھ صفر، ارشین کلکرنی 12، مشیر خان 4 اور پریانشو مولیا 5 رنز بناکر وکٹ گنوابیٹھے، تاہم کپتان اودے سہارن اور سچن داس نے 171 رنز کی پارٹنرشپ قائم کرکے بھارت کیلئے جیت کی بنیاد رکھی، سچن داس 96 اور سہارن 81 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ راج لمبانی نے 13 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو جیت دلوائی۔ 
جنوبی افریقا کی جانب سے ٹرسٹن لوس اور کوینا مافاکا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 
واضح رہے کہ ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل جمعرات کو پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ 
بھارت کا اسکواڈ: 
کپتان اودے سہارن، آدرش سنگھ، ارشین کلکرنی، پریانشو مولیا، سچن داس، مشیر خان، ارویلی اوینیش، مروگن ابھیشیک، راج لمبانی، نمن تیواری، سومی پانڈے۔ 

جنوبی افریقہ کا اسکواڈ: 
لہوان پریٹوریئس، اسٹیو اسٹوک، ڈیوڈ ٹیگر، رچرڈ سیلٹسوین، دیوان ماریس، جوآن جیمز، اولیور وائٹ ہیڈ، ریلی نارٹن، ٹرسٹن لوس، نکوبانی موکوینا، کوینا مافاکا۔