news
English

ٹی20 ورلڈکپ 2024 : بھارت کو غیرمنصفانہ فائدہ پہنچایاگیا، مائیکل وان

مائیکل وان نے ٹرینیڈاڈ میں افغانستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا سیمی فائنل کرانے کے فیصلے پربھی کڑی تنقید کی۔

ٹی20 ورلڈکپ 2024 : بھارت کو غیرمنصفانہ فائدہ پہنچایاگیا، مائیکل وان

انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں افغانستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا سیمی فائنل ٹرینیڈاڈ میں کرانے کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان کے ساتھ ناانصافی کرکے بھارت کو فائدہ پہنچایا گیا۔
تفصیلات کے مطابق مائیکل وان نے سوشل میڈئیا ویب سائٹ ایکس پر جاری کردہ اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ افغانستان نے پیر کی رات سینٹ ونسنٹ میں ورلڈ کپ کا سیمی کھیلنے کے لیے کوالیفائی کیا اور منگل کو ٹرینیڈاڈ جانے والی پرواز میں 4 گھنٹے کی تاخیر ہوئی، اس لیے وہ (افغان کھلاڑی) پریکٹس نہ کرسکے اور اس مقام سے ہم آہنگ بھی نہیں ہوسکے۔ 
مائیکل وان نے یہ دعویٰٰ بھی کیا کہ ٹورنامنٹ کا شیڈول بھارت کے حق میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یقینی طور پر یہ [افغانستان بمقابلہ جنوبی افریقہ] سیمی فائنل گیانا میں ہونا چاہیے تھا لیکن چونکہ پورا ایونٹ ہندوستان کی طرف جھکائو رکھتا ہے تو یہ دوسری ٹیموں کے ساتھ بہت غیر منصفانہ سلوک ہے۔ 
یاد رہے کہ دوسرا سیمی فائنل جمعرات کو گیانا میں کھیلا گیا جس میں بھارت اور انگلینڈ مدمقابل تھے جب کہ پہلے سیمی فائنل کے لیے ایک ریزرو دن مختص کیا گیا تھا، دوسرے سیمی فائنل کے لیے ایسی کوئی سہولت فراہم نہیں کی گئی۔ 
میگا ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ نے افغانستان کو جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے انگلینڈ کو ہراکر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا جو کہ ہفتہ 29 جون کو جنوبی افریقہ اور بھارت کے درمیان برج ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔