news
English

کپتانی کے تنازع پر ناراض شاہین آفریدی تربیتی کیمپ سے الگ ہوگئے

توقع ہے کہ شاہین آفریدی 8 اپریل کو آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی جانب سے مجوزہ افطار ڈنر میں ٹیم کے دیگر پلیئرز کے ساتھ شریک ہوں گے۔

کپتانی کے تنازع پر ناراض شاہین آفریدی تربیتی کیمپ سے الگ ہوگئے

ٹیم پاکستان کے سابق ٹی 20 کپتان شاہین آفریدی کاکول ملٹری اکیڈمی میں جاری تربیتی کیمپ سے الگ ہو کر اپنے آبائی شہر پشاور پہنچ گئے۔ بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز جو آج اپنی 24ویں سالگرہ منا رہے ہیں ٹی 20 ٹیم کی کپتانی سے ہٹائے جانے کے بعد کیمپ چھوڑ گئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام نے واضح کیا ہے کہ آفریدی غصے میں نہیں گئے بلکہ رسمی طور پر حکام سے اجازت لے کر روانہ ہوئے ہیں۔ 
توقع ہے کہ 
شاہین آفریدی 8 اپریل کو چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کی جانب سے افطار ڈنر میں ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ شامل ہوں گے۔
واضح رہے کہ شاہین آفریدی کا قومی ٹیم کی کپتانی کا سفر اس وقت شروع ہوا جب 2023ء کے ون ڈے ورلڈ کپ میں گرین شرٹس کی مایوس کن پرفارمنس کے بعد بابر اعظم نے تمام فارمیٹس کی قیادت سے استعفیٰ دے دیا۔ تاہم شاہین آفریدی کو بطور کپتان شروع سے ہی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا، خاص طور پر نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں مایوس کن شکست کے ساتھ ان کی اہلیت پر خاصے سوالات اٹھائے گئے۔ اس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بابر اعظم کو دوبارہ وائٹ بال کرکٹ کا کپتان مقرر کیا۔ ذرائع کے مطابق شاہین شاہ آفریدی پی سی بی کی جانب سے کپتانی کے عہدے سے ہٹائے جانے کے حوالے سے رابطے میں کمی سے ناخوش تھے۔ 24 سالہ کھلاڑی خود کو ٹی 20 ٹیم کی کپتانی سے ہٹائے جانے کے بعد پی سی بی سے جاری ہونے والے ایک بیان سے بھی پریشان ہو گئے تھے جس میں ایسے الفاظ شامل تھے جو ان کی طرف سے بولے ہی نہیں گئے تھے۔
بعد ازاں پی سی بی نے اس غلطی کو تسلیم کرتے ہوئے شاہین آفریدی کو آگاہ کیا کہ یہ محکمہ جاتی غلطی تھی۔ شاہین آفریدی نے بعد میں ایک علامتی انسٹاگرام اسٹوری شیئر کی جس میں انتباہ کا احساس دیا گیا۔ غیر منصفانہ طور پر کپتانی سے ہٹائے جانے کے احساس کے باوجود آفریدی نے آزمائش سے آگے بڑھنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔