news
English

اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 71 رنز سے شکست دے دی

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کولن منرو نے 87 رنز کی اننگز کھیلی

اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 71 رنز سے شکست دے دی فوٹو: پی ایس ایل

 اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز 71 رنز سے شکست دے دی۔ 199 کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز 127 رن پر ڈھیر ہوگئی۔ 89 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے کولن منرو مین آف دی میچ قرار پائے۔ 

لاہور میں کھیلے جانےوالے پاکستان سپر لیگ کے 17ویں میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 198 رنز بنائے جس کے جواب میں لاہور قلندرز کی پوری ٹیم انیسیویں اوور میں 127 بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

پہلی اننگ

اسلام آباد کی  جانب سے لیوک رونکی اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں نے 103 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ قائم کی تاہم رونکی 2 رنز کی کمی سے اپنی ںصف سنچری مکمل نہ کرسکے اور 48 رنز پر محمد حفیظ کا شکار بنے جس کے بعد کپتان شاداب خان بیٹنگ کے لیے آئے اور 7 رنز ہی بناسکے۔

دوسری جانب کولن منرو نے اپنی جارحانہ بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی۔ کولن انگرام نے 19 گیندوں پر 29 رنز کی اننگز کھیلی۔ کولن منرو 87 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔

آصف علی نے 6 گیندوں پر 20 رنز بنائے اور وہ پی ایس ایل میں کامران اکمل اور شین واٹسن کے بعد 50 چھکے لگانے والے تیسرے بلے باز بن گئے۔لاہور قلندرز کی جانب سے سلمان ارشاد، محمد حفیظ اور محمد فیضان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

دوسری اننگ

لاہور قلندرز کی بیٹنگ لائن اننگ کے آغاز ہی سے مشکلات کا شکار ہوگئی اور اوپننگ بیٹسمین کرس لین پہلے ہی اوور کے دوسری گیند پر صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ چھوتے اوور میں محمد حفیظ 16رن بنا کر پولیئن لوٹے اور نویں اوور میں جارح بلے باز بی ڈنک 25رن بنا کر آوٹ ہوئے۔ سلمان بٹ نے 21 رن بنائے اور ظفر گوہر کی گیند پر حسین طالب کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ اگلے ہی اوور کے خاتمے پر گزشتہ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہری کرنے والے سمت پٹیل صرف 6رن بنا کر شاداب کی گیند آوٹ ہوگئے۔

12واں اوور مکمل ہونے پر محمد فیضان 6 گیندوں پر 6 رن بنا کر ظفر گوہر کا شکار بنے۔ کپتان سہیل اختر بھی 9 گیندوں کا سامنا کرسکے اور 8 رن بنا کر ظفر گوہر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔