news
English

یوسین بولٹ بھی سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کے مداح نکلے

جمیکا میں پلے بڑھے، یوسین بولٹ نے اپنے والد کے ساتھ کرکٹ دیکھنے میں ان گنت گھنٹے گزارے، کھیل اور اس کے لیجنڈری کھلاڑیوں کے لیے بے پناہ تعریفی کلمات ادا کیے۔

یوسین بولٹ بھی سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کے مداح نکلے

دنیا کے سب سے تیز رفتارایتھلیٹ یوسین بولٹ بھی سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کی شاندار بولنگ کے سحر میں مبتلا ہیں۔ 
سابق اسٹار اولمپئن اسپرنٹر یوسین بولٹ کو آئی سی سی کی جانب سے ویسٹ انڈیز اور امریکا میں شیڈول ٹی 20 ورلڈکپ 2024 کا ایمبیسڈر مقرر کیا گیا ہے، وہ دیگر کیریبیئنز کی طرح کرکٹ کا بہت زیادہ شوق رکھتے ہیں، یوسین بولٹ خاص طور پر ٹی 20 کرکٹ کے دلدادہ ہیں، یہ فارمیٹ خاص طور اسپیڈ اسٹار کے مزاج سے میل کھاتا ہے، وہ خود بھی بچپن میں کرکٹر بننے کے خواہاں تھے، ان کا کہنا ہے کہ اب اتنے بڑے ایونٹ کا ایمبیسڈر مقرر ہونے پر بھی وہ بہت زیادہ خوش ہیں اور اس اعزاز کے لیے شکرگزار ہیں۔ 
یوسین بولٹ نے نیویارک میں بنائے گئے نئے اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ میں ایک طرح سے اپنے خواب میں جی رہا ہوں، میں کرکٹ دیکھتا ہوا بڑا ہواہوں، میرے والد کرکٹ کے بہت بڑے شائق تھے اور اب بھی ہیں، یہ کھیل میرے خون میں شامل ہے، میں بطور کرکٹر تو اپنا خواب نہیں پورا کرسکا مگر اتنے بڑے ایونٹ سے منسلک ہونا بھی میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔ 
انھوں نے کہا کہ میں بچپن میں سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کا بہت بڑا فین تھا، وہ اپنی ان سوئنگنگ یارکرز سے بیٹرز کا دل دہلا دیتے تھے، میرے والد بھی ان کے فین تھے، کورٹنی والش اور کرٹلی امبروز میرے آئیڈیل رہے ہیں۔ 
ایک سوال کے جواب میں یوسین بولٹ نے کہا کہ میں کرکٹ میں اپنی ویسٹ انڈین ٹیم کو ہی سپورٹ کرتا ہوں مگر بھارت کے ویرات کوہلی مجھے موجودہ نسل کے کرکٹرز میں بہت پسند ہیں۔،،
یوسین بولٹ کی ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری بلے باز کرس گیل کے ساتھ کافی دوستی ہے، ایک نمائشی میچ میں وہ سابق ویسٹ انڈین اسٹار کو آئوٹ بھی کرچکے ہیں، اس بارے میں انھوں نے کہا کہ جب میں نے گیل کو آئوٹ کیا تو انھوں نے مجھے چیلنج کیا تھا کہ وہ مجھے 100 میٹر ریس میں ہرا سکتے ہیں، مجھے ان کے اس چیلنج کو پورا کرنے کا انتظار ہے۔
یہ بات قابل غور ہے کہ یوسین بولٹ بدھ کےروز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 سے پہلے نیویارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کرکٹ کے دیگر ستاروں اور نیویارک کے کھیلوں کے آئیکنز کے ساتھ جمع ہوئے اور ان یادگارلمحات کو خوب انجوائے کیا۔