نیوزی لینڈ کے ساتھ ہوم سیریز سے قبل قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو کاکول اکیڈمی میں فوجی ٹریننگ کروائی جائے گی۔
نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز کیلئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں پرفارم کرنے والے عثمان خان کو تریبتی کیمپ میں شرکت کیلئے بلالیا گیا ہے جبکہ عماد وسیم کو ایک مرتبہ پھر نظر انداز کیے جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے جلد ہی تقریباً 25 کھلاڑیوں کے پول کا اعلان متوقع ہے، ہوم سیریز کیلئے کھلاڑیوں کا انتخاب اسی پول سے کیا جائے گا، جن کی ٹریننگ کاکول اکیڈمی میں آرمی بیس میں تربیتی کیمپ کے ذریعے کروائی جائے گی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے پی ایس ایل میں بہترین کارکردی دکھانے والے 35 سالہ عمادوسیم کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل نہیں ہیں کیونکہ انہوں نے اپنی ریٹائرمنٹ واپس نہیں لی ہے، جب تک وہ باضابطہ طور پر اپنی ریٹائرمنٹ واپس نہیں لے لیتے۔ سلیکٹرز ان کے انتخاب کیلئے غور کرنے سے قاصر ہیں۔
خیال رہے کہ عماد وسیم کو پی ایس ایل9 کے فائنل میں 5 وکٹیں حاصل کرنے اورزبردست بیٹنگ پرفارمنس پرمیچ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا تھا جبکہ دوسرے ایلیمنیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی پشاور زلمی کے خلاف فتح میں بھی آل رائونڈر نے اہم کردارادا کیا تھا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے لئے میچ جیتنے والے ناقابل شکست 59 رنز بنائے اور پہلے ایلیمینیٹر میں 12 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
دوسری جانب نوجوان بلے بازعثمان خان جو متحدہ عرب امارات منتقل ہوچکے ہیں اور پی ایس ایل9 میں ملتان سلطانز کے لیے بطور اوورسیز کھلاڑی کھیل رہے تھے انہیں ہوم سیریز کیلئے کاکول کیمپ میں مدعو کیے جانے کا امکان ہے۔
عثمان خان کو بیٹر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا جبکہ انہوں نے 7 اننگز میں 164.12 کے اسٹرائیک ریٹ سے 430 رنز بنائے اور پی ایس ایل کے ایک ہی ایڈیشن میں 2 سنچریاں بنانے والے پہلے بیٹر کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔