news
English

عثمان خواجہ بگ بیش میں بیٹ پر امن کی فاختہ کی تصویر لگائیں گے   

کرکٹ آسٹریلیا نے انھیں بگ بیش میں ایسا کرنے کی اجازت دی تھی جس سے وہ اب فائدہ اٹھائیں گے۔

عثمان خواجہ بگ بیش میں بیٹ پر امن کی فاختہ کی تصویر لگائیں گے   

آسٹریلیا کے اوپننگ بیٹر عثمان خواجہ بگ بیش میں اپنے بیٹ پر امن کی فاختہ کی تصویر لگائیں گے۔ 
عثمان خواجہ بدھ کی شب گابا میں برسبین ہیٹ کی جانب سے کھیل سکتے ہیں، عثمان نے پاکستان کے ساتھ ہونے والی تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں غزہ کے متاثرین کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے اپنے بیٹ پر امن کی فاختہ کی تصویر لگانے کے لیے اجازت مانگی تھی جس سے آئی سی سی نے انکار کردیاتھا، تاہم کرکٹ آسٹریلیا نے انھیں بگ بیش میں ایسا کرنے کی اجازت دی تھی، جس سے کرکٹر اب فائدہ اٹھائیں گے۔ 
آسٹریلوی اوپنر نے آئی سی سی کو غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت اور انسانی حقوق کی سنگین نوعیت کی خلاف ورزیوں کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کرکٹ کے ذریعے امن کا پیغام دینے کے لیے درخواست کی تھی، مگر کونسل نے انھیں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں بیٹ پر ایسا کوئی بھی نشان یا علامت لگانے سے روک دیاتھا جس کسی بھی نوعیت کے سیاسی پیغام کا استعارہ ہو۔  
تاہم عثمان خواجہ کی درخواست پر کرکٹ آسٹریلیا کی ایمرجنسی میٹنگ ہوئی، جس میں بیٹر سے کہا گیا کہ اگر انھیں رواں سیزن میں بگ بیش کا کوئی میچ کھیلنے کا موقع ملے تو وہ بیٹ پر امن کی فاختہ کی تصویر لگاسکتے ہیں۔ 
سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں بھی پریکٹس کے موقع پر عثمان کے بیٹ پر یہی تصویر موجود تھی۔ 
واضح رہے کہ آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے اسرائیل کی غزہ میں مظلوم فلسطینیوں پر جاری دہشتگردی کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے لئے آئی سی سی سے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں اپنے بلے اور جوتوں پر امن کا نشان فاختہ اور زیتون کی شاخ لگانے کی اجازت مانگی تھی جس پر آئی سی سی نے آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ کو بلے اور جوتوں پر امن کا نشان لگانے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا، مگر اب وہ بگ بیش میں اپنے بلے پر امن کی فاختہ کی تصویر آویزاں کرسکیں گے۔