news
English

عثمان قادرکا حفیظ پرٹیم سے باہرکرنے کا الزام، بابراعظم کا نام لینےسےگریز

عثمان قادر نے دعویٰ کیا کہ سابق ٹی 20 کپتان شاہین آفریدی نے ان سے کہا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں چند اچھی پرفارمنس سے انہیں قومی ٹیم میں جگہ مل جائے گی۔

عثمان قادرکا حفیظ پرٹیم سے باہرکرنے کا الزام، بابراعظم کا نام لینےسےگریز

پاکستان کے لیگ اسپنرعثمان قادر نے پاکستان ٹیم کے سابق ڈائریکٹر محمد حفیظ پر قومی ٹیم سے باہر کیے جانے کا الزام عائد کیا ہے، ساتھ ہی ساتھ کپتان بابر اعظم کے ساتھ کشیدہ تعلقات کا اشارہ بھی دیا ہے۔ 
ایک مقامی یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے عثمان قادر نے دعویٰ کیا کہ سابق ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہین شاہ آفریدی نے انہیں بتایا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں چند اچھی پرفارمنسز سے وہ اس سال جنوری میں کھیلی جانے والی نیوزی لینڈ سیریز میں جگہ پاسکیں گے۔ 
"شاہین نے مجھے بتایا کہ اگر میں ٹی ٹوئنٹی میں کچھ پرفارمنسز دیتا ہوں تو وہ مجھے نیوزی لینڈ کی سیریز کے لیے منتخب کریں گے، تو اس کے فوراً بعد اللہ کی مدد سے میں اچھی کارکردگی دکھانے میں کامیاب ہو گیا، ایک میچ میں 5 وکٹیں اور مجموعی طور پر 8 میچوں میں، میں نے 13 وکٹیں حاصل کیں تو میں خوش تھا کہ میں قومی ٹیم میں واپسی کر سکتا ہوں، لیکن مجھے کوئی کال موصول نہیں ہوئی اور میرے نام کے بغیر ٹیم کا اعلان کیا گیا۔،،  
عثمان قادر کو قومی ٹیم میں ممکنہ واپسی کی امید تھی لیکن اسکواڈ کی فہرست میں نام نہ ہونے پر بالآخر انہیں مایوسی ہوئی۔ جب انہوں نے استفسار کیا تو انہیں بتایا گیا کہ محمد حفیظ، جو اس وقت ڈائریکٹر کے عہدے پر تھے، ان کے انتخاب کے مخالف تھے۔ 
عثمان قادر کے مطابق میں نے دریافت کیا تو کہنے لگے حفیظ بھائی نہیں مان رہے۔ چونکہ حفیظ بھائی ڈائریکٹر ہیں اور وہ راضی نہیں ہیں، وہ مجھے منتخب نہیں کرسکتے"
عثمان قادر نے کہا "لہذا، اگر آپ کی ذاتی ترجیحات ہیں اور کارکردگی کو شمار نہیں کیا جاتا ہے تو میں منتخب ہونے سے بہت دور ہوں۔"  
جب میزبان کی طرف سے سوال کیا گیا کہ کیا انہوں نے کپتان بابر اعظم کے ساتھ دائیں ہاتھ کے لیگ اسپنر کے طور پر اپنے کردار کے بارے میں بات کی ہے، جو ان کے قریبی دوست بھی ہیں، تو اس پر عثمان قادر نے اس کی وضاحت دینے سے گریز کیا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ اس بات کو چھوڑتے ہیں کیونکہ اس سے بات کئی سمتوں میں جا سکتی ہے۔ میں اسے اسی پر چھوڑنا پسند کرتا ہوں۔ اگر میں کچھ کہتا ہوں تو بات چیت موضوع پر نہیں رہ سکتی اور اس سے بہت آگے جا سکتی ہے جس مقصد کے لیے ہم نے بات چیت شروع کی تھی۔،، 
یہاں یہ بات قابل غور ہے کہ عثمان قادر نے پاکستان کے لیے صرف 25 ٹی 20 اور ایک ون ڈے میچ کھیلا ہے اور ان کا خیال ہے کہ انھیں قومی ٹیم کے لیے ایک قابل اعتماد میچ پرفارمر کے طور پر ثابت کرنے کے لیے مسلسل مواقع نہیں دیے گئے۔