news
English

ویرات کوہلی نے سچن ٹنڈولکر کا تاریخی ریکارڈ توڑ دیا

بھارتی بلے باز نے یہ کارنامہ ورلڈ کپ 2023 کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار بلے بازی کرتے ہوئے انجام دیا

ویرات کوہلی نے سچن ٹنڈولکر کا تاریخی ریکارڈ توڑ دیا

بھارتی ٹیم کے مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی نے آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف 117 رنز بناکر اپنے ایک روزہ میچوں کی 50 ویں سنچری بنا ڈالی اور اپنے ہی ملک کے شہرۂ آفاق بلے باز سچن ٹنڈولکر کا سب سے زیادہ ون ڈے سنچریوں کا تاریخی ریکارڈ توڑ دیا۔ 
ویرات کوہلی نے سنچریوں کی نصف سنچری کا سنگ میل 42ویں اوور میں نیوزی لینڈ کے بولر لوکی فرگوسن کی گیند پر عبور کیا اور ہوا میں اچھل کر جشن منایا۔
ویرات کوہلی نے اسٹیڈیم میں بیٹھے سچن ٹنڈولکر کی جانب اشارہ کرکے انھیں خراج تحسین بھی پیش کیا اور پھر اپنی اہلیہ اداکارہ انوشکا کی جانب پیار کا اظہار کیا۔ اس تاریخی موقع پر پورا اسٹیڈیم تالیوں سے گونجتا رہا۔
 
دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے ویرات کوہلی کی یہ سنچری ورلڈکپ مقابلوں میں مجموعی طور پر 5 ویں جب کہ ورلڈ کپ 2023 میں تیسری سنچری ہے، نیوزی لینڈ سے قبل وہ بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ کے خلاف سنچریاں بنا چکے ہیں۔ 
ویرات کوہلی کی ورلڈکپ میں مجموعی طور پر بنائی گئی سنچریوں کی خاص بات یہ بھی رہی ہے کہ پانچ میں سے چار سنچریوں نے بھارت کی جیت میں کلیدی کردارادا کیا۔
 
بھارتی بلے باز ویرات کوہلی کے لیے آج دن یوں بھی خاص رہا کہ انھوں نے بھارت کی جانب سے ورلڈکپ کے ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانے کے سچن ٹنڈولکر کے ریکارڈ کو بھی توڑ دیا۔ 
کرکٹ ورلڈ کپ میں ویرات نے اس ایڈیشن کے 10 اننگز میں 101.57 کی اوسط سے 711 رنز بنائے ہیں۔ 
یاد رہے کہ ویرات کوہلی نے 2008 میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا تھا اور پہلی ون ڈے سنچری دسمبر 2009 میں سری لنکا کے خلاف بنائی تھی۔ 35 سالہ ویرات کوہلی 290 ایک روزہ میچوں میں 13 ہزار 700 سے زائد رنز بنا چکے ہیں اور 187 ٹیسٹ اننگز میں انھوں نے 8676 رنز سمیٹے جب کہ 115 ٹی-20 میچوں میں کوہلی کے بلّے نے 4008 رنز بنائے۔ 
ویرات کوہلی اگرچہ کوئی ریگولر بولر نہیں ہیں لیکن وہ ایک روز میچوں میں 5 اور ٹی20 مقابلوں میں 4 وکٹیں بھی لے چکے ہیں۔