news
English

ویرات کوہلی کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی امید

پاکستان میں کافی مداحوں کی تعداد حاصل کرنے والے کوہلی نے جلد ہی پاکستان میں کھیلنے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی ٹیموں نے دوبارہ پاکستان کا دورہ کرنا شروع کر دیا ہے۔

ویرات کوہلی کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی امید

پاکستان کے نامور کوہ پیما شہروز کاشف سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی نے بہت جلد پاکستان جانے کی امید ظاہر کردی۔ 
گزشتہ روز سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف فون پر اسٹار بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی سے بات چیت کررہے جس میں انہیں یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ امید ہے ہم جلد ہی پاکستان کا دورہ کریں گے کیونکہ اب سب نے آنا شروع کردیا ہے۔ 
ویرات کوہلی نے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران شہروز کاشف کی فیملی اور دوستوں کیلئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا جبکہ اس موقع پر کوہ پیما نے کوہلی کو ٹیم کے ساتھ پاکستان آنے پر ’’خوش آمدید‘‘ کہا۔
شہروز کاشف نے اس بات چیت کو اپنے انسٹاگرام اکائونٹ پر شیئر کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ 2022 میں وہ نیپال میں تھے جب انہیں کوہلی سے رابطے کا موقع ملا۔ وہاں ان کی ملاقات ایک ہندوستانی شہری سے ہوئی جس نے ان کے کام کی تعریف کی اور ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ساتھ روابط رکھنے کا دعویٰ کیا۔ شہروز کاشف نے ویرات کوہلی کے ساتھ بات کرنے کی اپنی دیرینہ خواہش کا تذکرہ کیا اور حیرت کی بات یہ ہے کہ اس اجنبی نے کوہلی کو اپنی طرف سے میسج کرکے اس کا اہتمام کیا جس کے بعد سے شہروز کاشف بھارتی اسٹار بلے باز سے بات چیت کرتے رہتے ہیں۔ 
واضح رہے کہ اگلے برس پاکستان کو چیمپئینز ٹرافی 2025 کی میزبانی کرنی ہے، جس میں بھارت سمیت 8 ممالک کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔