بھارت میں ہونے والے حالیہ ورلڈ کپ 2023 میں ویرات کوہلی نے انتہائی شاندار پرفارمنس دکھائی تھی۔
بھارتی ٹیم کے مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی نے ون ڈے اور ٹی 20 کرکٹ سے وقفہ لینے کا فیصلہ کرلیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ویرات کوہلی دورہ جنوبی افریقہ میں ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میچز کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے تاہم ٹیسٹ میچز کیلئے وہ بدستور موجود ہوں گے۔ ویرات کوہلی نے بی سی سی آئی کو اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔
بھارت کے دورہ جنوبی افریقہ کا آغاز 10 دسمبر کو ڈربن میں ٹی 20 انٹرنیشنل سے ہوگا۔ دورے کے دوران تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل، تین ون ڈے اور دو ٹیسٹ میچ کھیلے جائیں گے۔
بھارت میں ہونے والے حالیہ ورلڈ کپ 2023 میں ویرات کوہلی نے انتہائی شاندار پرفارمنس دکھائی تھی۔ وہ 11 اننگز میں تین سنچریوں کی مدد سے 765 رنز بناکر ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ انہوں نے سچن ٹنڈولکر کا سب سے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ بھی توڑ دیا تھا۔
ویرات کوہلی اس وقت لندن میں چھٹیاں گزار رہے ہیں۔ وہ گزشتہ کچھ مہینوں سے نان اسٹاپ کرکٹ کھیل رہے تھے۔ آخری بار انہوں نے ستمبر میں ورلڈ کپ 2023 کے انعقاد سے پہلے مختصر وقفہ لیا تھا جب انہیں اور کپتان روہت شرما کو آسٹریلیا کے خلاف پہلے دو ون ڈے میچوں میں آرام دیا گیا تھا۔