جے شاہ نے ورلڈ کپ 2024 میں روہت شرما کی شمولیت سے متعلق تو تصدیق کر دی ہے تاہم اب تک ویرات کوہلی کو اسکواڈ کا حصہ بنانے سے متعلق تصدیق نہیں کی گئی۔
بھارتی ٹیم کے تجربہ کار بلے باز ویرات کوہلی کی رواں سال ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت مشکوک بتائی جا رہی ہے۔
بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے ورلڈ کپ 2024 میں روہت شرما کی شمولیت سے متعلق تو تصدیق کر دی ہے تاہم اب تک ویرات کوہلی کو اسکواڈ کا حصہ بنانے سے متعلق تصدیق نہیں کی گئی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق افغانستان کے خلاف میچ میں ویرات کوہلی کی واپسی نے ٹی20 ورلڈ کپ میں ان کی شرکت کی تصدیق کی تھی لیکن تاحال ویرات کوہلی کی شمولیت کا معاملہ لٹکا ہوا ہے۔
دوسری جانب، سلیکشن پینل کے سربراہ اجیت اگرکر ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے لیے ویرات کوہلی کو منتخب کرنے کے خواہاں نہیں ہیں کیونکہ سلیکٹرز اور ٹیم مینجمنٹ کا خیال ہے کہ تجربہ کار کھلاڑی مختصر ترین فارمیٹ میں ٹیم کی ضروریات کو پورا کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
بھارتی کرکٹ بورڈ نے بھی ویرات کوہلی کی شمولیت کا فیصلہ چیف سلیکٹر اجیت اگرکر پر چھوڑ دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق آئی پی ایل2024 میں شاندار کارکردگی دکھانے پر ہی ویرات کوہلی بھارتی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو سکیں گے۔
واضح رہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کےمیچز رواں سال امریکا اور ویسٹ انڈیز میں مشترکہ طور پر کھیلے جائیں گے۔ بھارت، پاکستان، آئرلینڈ، امریکا اور کینیڈا گروپ اے میں شامل ہیں۔