news
English

ورچوئل سروگیٹ ایڈورٹائزنگ سے پاکستان میں تنازع  

  رات گئے تک صورتحال سرکاری ٹی وی پر میچ نشر نہ ہونے تک پہنچ چکی تھی۔

ورچوئل سروگیٹ ایڈورٹائزنگ سے پاکستان میں تنازع  

ورچوئل سروگیٹ ایڈورٹائزنگ نے پاکستان میں نیا تنازع کھڑا کردیا۔ 
پاکستان کرکٹ میں چند برس قبل سروگیٹ ایڈورٹائزنگ کی انٹری ہوئی، جوئے کی ویب سائٹس نے نام میں معمولی تبدیلی کر کے اسپانسرشپ کی، معاملہ اعلیٰ حکام کے نوٹس میں آیا تو اس پر پابندی عائد کردی گئی، البتہ سروگیٹ کمپنیز نے پابندی کا توڑ نکالتے ہوئے پاکستان اور آسٹریلیا کے پرتھ ٹیسٹ میں ’’ورچوئل سروگیٹ ایڈورٹائزنگ‘‘ کی۔ 
آسٹریلیا میں جوا قانونی حیثیت رکھتا ہے، باؤنڈری کے ساتھ بورڈز پر بیٹنگ کمپنیز کے اشتہار بھی چلتے رہے،البتہ گراؤنڈ میں کوئی لوگو پینٹ نہیں ہوا مگرٹی وی پر سافٹ ویئر کی مدد سے سروگیٹ کمپنیز کے اشتہارات نظر آئے۔ 
معاملہ میڈیا میں آنے پر حکومت نے نوٹس لیا اور وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات نے ورچوئل سروگیٹ بیٹنگ ایڈورٹائزنگ کی روک تھام کے لیے میمورنڈم جاری کردیا۔ 
پی ٹی وی نے بھی بنیادی میڈیا رائٹ ہولڈرز سے بات کی کہ یہ سلسلہ روکیں، اگر ایسا نہ کیا تو لائسنس منسوخ کردیے جائیں گے،البتہ ذرائع نے بتایا کہ معاملہ بدستور حل طلب ہے۔ 
پاکستان میں میچز دکھانے کے حقوق ٹین اسپورٹس (ٹی ایس تھری) اور پی ٹی وی کے پاس ہیں، جب کرکٹ آسٹریلیا سے رابطہ کر کے ورچوئل اشتہارات ہٹا کر اصل فیڈ فراہم کرنے کا کہا گیا تو وہاں سے مثبت جواب نہ ملا، موقف اختیار کیا گیا کہ سوائے آسٹریلیا کے دیگر تمام ممالک میں ورچوئل ایڈورٹائزنگ والی فیڈ ہی فراہم کی جا رہی ہے، اسے رواں سیریز کے دوران پاکستان کے لیے تبدیل کرنا ممکن نہ ہوگا۔  
جب ٹی وی نے بلیک آؤٹ کا کہا جس سے اشتہارات کو چھپا دیا جاتا تو یہ بات بھی تسلیم نہیں کی گئی، رات گئے تک تنازع حل نہ ہوا تھا اسی لیے آخری اطلاعات آنے تک سرکاری ٹی وی پر میچ سے قبل اور بعد کے شوز بھی ہوتے نظر نہیں آرہے تھے۔ 
اگر یہ صورتحال برقرار رہی تو پی ٹی وی پر میلبرن ٹیسٹ نشر نہ ہونے کا خدشہ ہے،البتہ ٹین اسپورٹس پر میچ دکھائے جانے کا امکان تھا۔ 
ذرائع نے بتایا کہ دوسرے ٹیسٹ کے دوران میدان میں ایک سروگیٹ کمپنی ’’ون ایکس بیٹ‘‘ کا اشتہار موجود نہیں ہوگا،البتہ اس کی وجہ حالیہ تنازع سے الگ ہے۔