فاسٹ بولر نے 27 ٹیسٹ، 91 ون ڈے اور 36 ٹی20 انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر اور نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے کھیل وہاب ریاض نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر(ایکس) پر قومی ٹیم کے فاسٹ بولر وہاب ریاض نے لکھا کہ ایک ناقابل یقین سفر کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)، فیملی، کوچز، مینٹورز سمیت ساتھی کرکٹرز اور ہر شخص کا شکریہ جنہوں نے اس سفر میں مجھے سپورٹ کیا۔
انہوں نے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ وہ ٹی20 فارمیٹ میں فرنچائز ٹیموں کے لئے دستیاب ہوں گے۔
وہاب ریاض نے 27 ٹیسٹ، 91 ون ڈے اور 36 ٹی20 انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی اور بالترتیب 83، 120 اور 34 وکٹیں حاصل کیں۔ سابق کرکٹر نے اپنا آخری ٹیسٹ اکتوبر میں دبئی میں 2018 میں کھیلا تھا۔
زمبابوے کے خلاف راولپنڈی میں 3 نومبر 2020 کو انہوں نے آخری بار ون ڈے میچ میں شرکت کی جبکہ بائیں ہاتھ کے پیسر کا 20 دسمبر 2020 کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچ آخری ٹی 20 ثابت ہوا۔
واضح رہے کہ وہاب ریاض ان دنوں پنجاب حکومت کے نگران وزیر ہیں، وہ کافی عرصے سے ٹیم سے باہر تھے تاہم انہوں نے متعدد بار ٹیم میں کم بیک کی خواہش کا بھی اظہار کیا مگر وہ قومی ٹیم میں شامل نہ ہوسکے۔