اسامہ میر نے 20 ورلڈ کپ 2024 اسکواڈ سے باہر ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی سے براہ راست رابطہ کیاتھا۔
ممبرسلیکشن کمیٹی وہاب ریاض نے اسامہ میر کی پی سی بی چیف سے براہ راست اپیل پر ناراضی کا اظہار کردیا۔ پاکستانی لیگ اسپنر اسامہ میر نے 20 ورلڈ کپ 2024 اسکواڈ سے باہر ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی سے براہ راست رابطہ کیاتھا۔
تفصیلات کے مطابق ایک مقامی میڈیا رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اسامہ میر نے براہ راست چیئرمین پی سی بی کو بھیجے گئے اپنے پیغام میں محسن نقوی کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں سیزن میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کی اپنی کامیابی کو اجاگر کیا۔ تاہم، سلیکٹر اور سینئر ٹیم مینیجر وہاب ریاض اسامہ میر کے اس اقدام سے ناخوش تھے۔
آئرلینڈ میں وہاب اور دیگر سلیکٹرز کے ساتھ ایک آن لائن میٹنگ کے دوران، اسامہ میر نے اپنا کیس پیش کیا اور اپنی کارکردگی کا جائزہ لینے کی اپیل کی۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ اسامہ میر کو انگلینڈ میں ٹی 20 بلاسٹ میں شرکت کے لیے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (NOC) دینے کا وعدہ کیا گیا تھا، لیکن بعد میں یہ روک لیا گیا۔ انہوں نے پی سی بی کے ساتھ تین سالہ سینٹرل ایگریمنٹ کیا تھا، جس میں مرکزی معاہدے والے کھلاڑیوں کو پی ایس ایل کے علاوہ دو فرنچائز ٹی 20 لیگوں میں شرکت کی اجازت دی گئی تھی۔ اس پابندی کی وجہ سے وہ اپنی معاہدے کی مدت، جو یکم جولائی 2023 سے 30 جون 2024 تک ہے، کے دوران مزید ٹی20 لیگز میں کھیلنے کے لیے نااہل ہو گئے تھے۔
اسامہ میر نےٹی 20 بلاسٹ میں وورسٹر شائر ریپڈز کی نمائندگی کرنے کا ارادہ کیا تھا اور چونکہ انہیں پاکستان کےٹی 20 ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا تھا اس لیے انہوں نے پورے ٹورنامنٹ میں دستیاب ہونے کا منصوبہ بنایا تھا۔