قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی فتوحات میں حصہ ڈالنے کے لیے بیٹنگ پر توجہ دے رہا ہوں۔
نیوزی لینڈ کے خلاف پریکٹس سیشن کے دوران پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں شاہین شاہ آفریدی بیٹنگ کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ انڈر 19 کے وقت سے بیٹنگ میں دلچسپی رکھتا تھا لیکن کبھی بھرپور توجہ نہیں دی لیکن اب بیٹنگ پریکٹس کررہا ہوں، ری ہیب کے دوران بلے بازی پر توجہ دی جو پی ایس ایل میں کام آئی۔
انہوں نے کہا کہ آہستہ آہستہ بلے بازی کا فن سیکھ رہا ہوں تاکہ مشکل وقت میں ٹیم کے لئے آل راؤنڈ کارکردگی دکھا سکوں، میں اپنی بیٹنگ پوزیشن سے قطع نظر پاکستان کے لئے میچ جیتنا چاہوں گا۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن میں شاہین آفریدی نے اپنی جارحانہ بیٹنگ سے شائقین کی توجہ اپنی طرف مبذول کروائی تھی، انہوں نے 8 اننگز میں 168.35 کے شاندار اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 133 رنز بنائے تھے۔