news
English

گرین شرٹس میں میچ وننگ کون؟ وقاریونس نے 4نام بتادیئے

بابراعظم کے ساتھ شاہین شاہ آفریدی، امام الحق اور فخر زمان بھی میچ ونننگ کھلاڑی  ہیں، سابق کپتان

گرین شرٹس میں میچ وننگ کون؟ وقاریونس نے 4نام بتادیئے

پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان وقار یونس نے ورلڈ کپ کے لیے گرین شرٹس کے اسکواڈ میں چار ایسے کھلاڑیوں کو شامل کیا ہے جن کے بارے میں ان کا خیال ہے کہ وہ پاکستان کے لیے میچ ونر ثابت ہو سکتے ہیں۔ 
سابق فاسٹ بولر کی فہرست میں پہلے نمبر پر کپتان بابر اعظم ہیں جو کسی بھی باؤلنگ اٹیک پر حاوی ہونے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ بابراعظم کے ساتھ شاہین شاہ آفریدی، امام الحق اور فخر زمان بھی میچ ونننگ کھلاڑی سمجھے جارہے ہیں۔
کرکٹ پاکستان کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں وقاریونس نے آئندہ ورلڈ کپ میں دباؤ سے نمٹنے کے لیے پاکستانی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔ ان کا ماننا ہے کہ ٹیم کے پاس میچ وننگ پلیئرز موجود ہیں جو اکیلے ہی کھیل کا رخ موڑ سکتے ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے ماضی قریب میں بہتر طریقے سے دباؤ کو سنبھالا ہے۔ میری رائے میں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ جہاں بھی کھیلتے ہیں چاہے وہ میچ بھارت میں ہوں یا پاکستان میں۔۔ اگر آپ اپنی صلاحیتوں اور منصوبوں پر عمل کر رہے ہوں تو آپ فتح سے زیادہ دور نہیں رہتے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ اس لیے مجھے نہیں لگتا کہ ہمیں کوئی مسئلہ ہے ہمارے پاس میچ وننگ کھلاڑی ہیں، ہمارے پاس ایسے پلیئر ہیں جو آپ کو اکیلے ہی میچ جتوا سکتے ہیں۔
آنے والے ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کی تیاری اور نقطہ نظر کے بارے میں بات کرتے ہوئے، وقاریونس نے کہا کہ ٹیم نے حال ہی میں دباؤ سے نمٹنے میں لچک دکھائی ہے، کسی بھی میچ میں کامیابی کے لیے منصوبوں اور مہارتوں کا عمدہ طریقے سے پیش کرنا ضروری ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے زمانے میں، دباؤ اتنا بڑا مسئلہ نہیں تھا جتنا کہ اب لگتا ہے۔ آپ کسی ٹیم کے خلاف جتنا کم کھیلیں گے، وہ بھی ایک بڑی ٹیم کے خلاف، لہٰذا جب بھی آپ ان کو کھیلیں گے، خاص طور پر اگر وہ پاکستان اور ہندوستان ہوں، دباؤ بہت زیادہ اور تین گنا بڑھ جائے گا۔ دباؤ ہمیشہ زیادہ ہوتا ہے، لیکن شاید ہمارے دور میں، یہ نسبتاً کم تھا کیونکہ ہم اپنے ابتدائی دنوں میں بہت زیادہ کرکٹ کھیلا کرتے تھے۔ لیکن پھر ورلڈ کپ میں ہم بھارت کے خلاف اپنی کارکردگی پیش کرتے تھے۔
اپنی بات مکمل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہر حال، جیسا کہ میں نے کہا کھلاڑی ان دنوں دباؤ کو یقینی طور پر بہتر طریقے سے ہینڈل کر رہے ہیں۔ یہ میچ ونرکھلاڑی جن کا میں نے پہلے ذکر کیا تھا، وہ ہمیں کھیل جتوائیں گے۔