news
English

وقاریونس کا شاہین آفریدی کو بمراہ سے سیکھنے کا مشورہ

وقار یونس نے قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو مشورہ دیا کہ اگر وہ ورلڈ کپ میں اپنا اثر ڈالنا چاہتے ہیں تو بھارتی پیسر جسپریت بمراہ سے سیکھیں۔

وقاریونس کا شاہین آفریدی کو بمراہ سے سیکھنے کا مشورہ

قومی ٹیم کے سابق پیسر وقار یونس نے فاسٹ بولرشاہین شاہ آفریدی کو مشورہ دیا ہے کہ اگر وہ ورلڈ کپ میں اثرانگیز بولنگ کرنا چاہتے ہیں تو بھارت کے پیسر جسپریت بمراہ سے سیکھیں۔ 
قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ان دنوں اپنی رفتار اور فٹنس کے ساتھ جدوجہد کر رہے ہیں اور ورلڈ کپ کے تینوں میچز میں غیر متاثر کن رہے ہیں، انہوں نے ورلڈ کپ میچز میں اب تک 139 رنز دے کر صرف 4 وکٹیں حاصل کی ہیں۔  
قومی ٹیم کے سابق پیسر وقار یونس نے اے ایف پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا مجھے نہیں معلوم کہ شاہین کی فٹنس میں کوئی مسئلہ ہے یا نہیں لیکن ان کی بولنگ میں ڈسپلن کی کمی ہے اور وہ وکٹیں حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جب آپ ایک ہی چیز کو بار بار کرتے ہیں، جیسے شاہین اپنے یارکر کو لگاتار کرتے ہیں تو بلے باز یہ جان جاتے ہیں اور وہ اسے کھیلنے کے لیے تیار ہو جاتے ہیں۔ 
وقار یونس نے مشورہ دیا کہ شاہین کو بمراہ کی قائم کردہ مثال کی پیروی کرنی چاہئے جسے انہوں نے "ٹاپ بالر” کے طور پر بیان کیا۔ 
وقار یونس نے کہا کہ بمراہ مخالف ٹیموں پر دباؤ بنا رہے ہیں اور ان کی لائن آف اسٹمپ کے اوپر ہے، ہم نے دیکھا کہ انہوں نے پاکستان کے خلاف اچھی بولنگ کی۔
وقار یونس کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں پاکستان کی بولنگ میں "نظم و ضبط کی کمی” نظر آتی ہے مجھے نہیں لگتا کہ یہ صرف ایک بولر کی کمی کی وجہ سے ہے جو کہ نسیم شاہ ہے وہ شاہین آفریدی کے ساتھ بولنگ کرتے تھے اور دونوں مخالف ٹیم کے بلے بازوں پر دباؤ بنا کر رکھتے تھے، صرف ایک بولر کے نہ ہونے سے دیگر سبھی بولرز کا غیر متاثر کُن ہونا سمجھ سے بالاتر ہے۔