news
English

وقار یونس نے حارث رؤف کو قومی ٹیم میں شامل کرنے کا اشارہ دیدیا

حارث رؤف سے بہت متاثر ہوا اور نوجوان بولر کی بگ بیش میں کارکردگی پر بے حد خوشی ہوئی، بولنگ کوچ

وقار یونس نے حارث رؤف کو قومی ٹیم میں شامل کرنے کا اشارہ دیدیا فوٹو: بی بی ایل / اے ایف پی

قومی ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے بیگ بیش لیگ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے حارث رؤف کو قومی ٹیم میں شامل کرنے کا اشارہ دے دیا۔

بگ بیش لیگ میں تہلکہ مچانے والے پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر حارث رؤف قومی ٹیم کے بولنگ کوچ کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں، ایک انٹریو میں وقار یونس نے کہا کہ بگ بیش میں حارث رؤف کی کارکردگی شاندار رہی جس پر انہوں نے ہیڈکوچ وچیف سلیکٹر مصباح الحق سے حارث کو قومی ٹیم میں شامل کرنے سے متعلق بات کی۔

بولنگ کوچ کا کہنا تھا کہ میں نے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے دوران بھی حارث رؤف کی بولنگ کا مشاہدہ کیا اور میں اس سے بہت متاثر ہوا، اس کے پاس نہ صرف پیس ہے بلکہ وہ ایک ذہین بولر ہونے کے ساتھ ساتھ جذباتی بھی ہے اور یہی بات مجھے بہت پسند ہے جب کہ نوجوان بولر کی بگ بیش لیگ میں کارکردگی پر مجھے بے حد خوشی ہوئی، میں نے مصباح سے بھی بات کی اور مجھے امید ہے حارث بہت جلد قومی ٹیم کا حصہ بننے میں کامیاب ہوں گے۔

واضح رہے بگ بیش لیگ میں جنوبی افریقا کے مایہ ناز بولر ڈیل اسٹین کی جگہ میلبورن اسٹارز میں شامل کیے جانے والے نوجوان بولر حارث رؤف نے صرف 3 میچوں میں 10 وکٹیں حاصل کرکے سب کی توجہ حاصل کرلی ہے، وہ گزشتہ پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی جانب سے بھی نمایاں کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہے تھے۔